Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / طبی خدمات کے ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کا تیقن : کے ٹی آر

طبی خدمات کے ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کا تیقن : کے ٹی آر

حیدرآباد۔/22جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے میڈیکل سرویسس کے ملازمین اور خاص طور پر 108 سرویس ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا ہے۔ کے ٹی آر نے آج عثمانیہ میڈیکل کالج میں میڈیکل کنٹراکٹ اینڈ آؤٹ سورسنگ ایمپلائز کے جلسہ عام میں شرکت کی۔ میڈیکل ایمپلائز نے گریٹر انتخابات میں ٹی آر ایس کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ کے ٹی آر نے اس موقع پر کنٹراکٹ ایمپلائزکی جانب سے تیار کردہ ڈائری اور کیلنڈرکی رسم اجراء انجام دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے قیام کے بعد سے تلنگانہ ہر شعبہ میں ترقی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو43فیصد فٹمنٹ کی ادائیگی ٹی آر ایس حکومت کا کارنامہ ہے جبکہ ملازمین نے 42فیصد کا مطالبہ کیا تھا۔ آر ٹی سی ملازمین نے 43فیصد کی مانگ کی لیکن حکومت نے 44 فیصد اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنگن واڑی ورکرس اور ہوم گارڈس کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا گیا۔ کے ٹی آر نے 108سرویس کے ملازمین کو تیقن دیا کہ وہ اپنی ملازمت کے سلسلہ میں اندیشوں کا شکار نہ ہوں، انہیں تشویش میں مبتلاء ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ آئندہ کابینی سب کمیٹی کے اجلاس میں وہ 108سرویس کے ملازمین کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے بات چیت کے ذریعہ مسائل حل کئے جاسکتے ہیں اور حکومت اس کے لئے تیار ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سرکاری ملازمین ہوں یا کارپوریشن کے ملازمین حکومت کا رویہ ہر ایک کے ساتھ ہمدردانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے ملازمین کے مسائل کو نظرانداز کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عثمانیہ، گاندھی اور نمس میں ماہر ڈاکٹرس کے ذریعہ عوام کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT