Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / طب یونانی اور حجامہ کیمپس سے ہزارہا مریض شفا یاب

طب یونانی اور حجامہ کیمپس سے ہزارہا مریض شفا یاب

ادارہ سیاست کی خدمات کو خراج تحسین، حجامہ کیمپ سے ڈاکٹر اشفاق احمد و دیگر کا خطاب
حیدرآباد 13 ستمبر (پریس نوٹ) ادارہ سیاست کی جانب سے ایک روزہ حجامہ کیمپ برائے مرد و خواتین عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں منعقد ہوا۔ ڈاکٹر اشفاق احمد ریسرچ آفیسر یونانی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انڈین میڈیکل ہیرٹیج حکومت ہند حیدرآباد نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ حکیم سید غوث الدین کوآرڈی نیٹر کیمپ نے بتایا کہ ادارہ سیاست سے گزشتہ سوا دو سال سے حجامہ کیمپ برائے مرد و خواتین منعقد کئے جارہے ہیں اور اس سے نہ صرف حیدرآباد بلکہ بیرونی ریاست کے مریض بھی استفادہ کررہے ہیں۔ ڈاکٹر اشفاق احمد نے کہاکہ حجامہ علاج بالتدبیر کی ایک قسم ہے جو طب یونانی میں عرصہ دراز سے قابل عمل ہے۔ یہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم کی ایک سنت بھی ہے۔ آپ ﷺ نے خود حجامہ کرایا اور صحابہ کرام کو بھی حجامہ کرنے کا حکم دیا جس کے ذریعہ مختلف امراض سے شفاء یابی میں مدد ملتی ہے۔ ڈاکٹر اشفاق احمد نے کہاکہ آج کل طرز زندگی سے متعلق امراض میں دواؤں سے علاج کی صورت میں مضر اثرات رونما ہورہے ہیں۔ ایسے حالات میں حجامہ ایک بہترین علاج کی شکل میں سامنے آرہا ہے۔ انھوں نے اس موقع پر ادارہ سیاست کے ذمہ داران جناب زاہد علی خاں، جناب ظہیرالدین علی خاں اور جناب عامر علی خاں کو مبارکباد پیش کی کہ وہ برسوں سے طب یونانی اور خاص طور پر حجامہ کیمپ کے ذریعہ ہزاروں مریضوں کو شفاء یاب کررہے ہیں۔ اس کے ذریعہ ایک تو سنت نبوی ﷺ کا احیاء ہورہا ہے اور دوسرے مختلف اطباء کو حجامہ میں مہارت حاصل ہورہی ہے جس کے ذریعہ وہ قوم کی خدمت کے قابل بن رہے ہیں۔ ڈاکٹر اشفاق احمد نے کہاکہ اُن کے انسٹی ٹیوٹ میں آیورویدک کے ساتھ ساتھ طب یونانی کی تاریخ، مخطوطات اور طب یونانی کے بنیادی اُمور پر اہم کام چل رہا ہے۔ ان مخطوطات میں حجامہ کے بہت ہی اہم فوائد بیان کئے گئے ہیں۔ اور زمانہ قدیم سے یہ علاج رائج ہے۔ انھوں نے آخر میں ادارہ سیاست کے ذمہ داران سے خواہش کی کہ وہ حجامہ کیمپ کو باضابطہ سائنٹفک انداز میں پورے آب و تاب کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ اس حجامہ کیمپ میں 400 سے زائد مرد و خواتین نے استفادہ کیا۔ ماہر حجامہ ڈاکٹر محمد عبدالمجیب کی زیرنگرانی ڈاکٹر عبدالصمد، ڈاکٹر محمد عمران، ڈاکٹر تنویر، ڈاکٹر اشتیاق، ڈاکٹر توفیق احمد، ڈاکٹر محمد جنید علی، ڈاکٹر محمد عبدالرحمان، ڈاکٹر عبدالرافع، ڈاکٹر عبدالرفیق، ڈاکٹر ذوالفقار، ڈاکٹر حافظ عبدالسمیع، ڈاکٹر محمد مبین خواتین کے کیمپ میں ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ کی زیرنگرانی ڈاکٹر سعدیہ کوثر، ڈاکٹر سیدہ اسریٰ سلطانہ، ڈاکٹر صالحہ سلطانہ، ڈاکٹر عائشہ نصرت، ڈاکٹر تہمینہ فردوس، ڈاکٹر اُم امارہ، ڈاکٹر فاطمہ بیگم، ڈاکٹر ندی مہدی بانو، ڈاکٹر نیلوفر، ڈاکٹر آفرین بیگم، رفعت سلطانہ نے مریضوں کا معائنہ اور علاج کیا۔ اس موقع پر جناب خالد محی الدین اسد، جناب فہیم انصاری، جناب ایم این بیگ نے معاونت کی۔

TOPPOPULARRECENT