Sunday , September 24 2017
Home / جرائم و حادثات / طلائی چین اڑانے والے رہزن‘ پولیس فائرنگ کے باوجود فرار

طلائی چین اڑانے والے رہزن‘ پولیس فائرنگ کے باوجود فرار

ونستھلی پورم میں سنسنی خیز واقعہ کے چند گھنٹے بعد ہی جیڈی میٹلہ میں خاتون کے گلے سے چین اڑالی گئی
حیدرآباد ۔2نومبر ( پی ٹی آئی  ) پولیس نے کہا ہے کہ طلائی چین اڑآنے کے واقعات کی روک تھام کیلئے تشکیل شدہ خصوصی ٹیموں سے وابستہ ملازمین پولیس نے آج ان دو افراد پر فائرنگ کی جو ونستھلی پورم میں ایک خاتون کے گلے سے طلائی چین اڑانے کی کوشش کررہے تھے تاہم دونوں رہزن بچ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔ ونستھلی پورم پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر بی پشپن کمار نے کہا کہ یہ واقعہ آج 11بجے دن پیش آیا جب ایک خاتون سائی انورادھا اپنے گھر کی سمت روانہ ہورہی تھی کہ موٹر سیکل سوار دو رہزن مخالف سمت سے اس پر جھپٹ پڑے اور گلے سے طلائی چین اڑانے کی کوشش کی ۔ اس دوران چین اڑانے کے واقعات کی انسدادی ٹیم کے دو کانسٹبلس فوری طور پر اس واقعہ کا نوٹ لیتے ہوئے دونوں رہزنوں کو پکڑنے کی کوشش کی ۔ دونوں رہزن اگرچہ کانسٹبلس کو ڈھکیلتے ہوئے بھاگنے میں کامیاب ہوگئے تھے لیکن پولیس نے ان کا تعاقب کرتے ہوئے دو راؤنڈ فائرنگ کی تاہم وہ زخمی ہوئے بغیر فرار ہوگئے ۔ پشپن کمار نے کہا کہ ان دونوں کو پکڑنے کیلئے تلاش شروع کردی گئی ہے ۔ سائبرآباد پولیس نے طلائی چین اڑانے والے رہزنوں کو بروقت پکڑتے ہوئے جرم کے ارتکاب سے روکنے کیلئے 55خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہے اور پولیس پر حملے کی صورت میںان پر فائرنگ کی اجازت بھی دی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایل بی نگر مسٹر تفسیر اقبال نے مقام کا دورہ کیا اور حالات کا قریبی جائزہ لیا ۔ انہوں نے اس موقع پر اینٹی اسنیچنگ ٹیم سے بات چیت کی اور ان کی چوکسی کی ستائش کی ۔ اس دوران ڈی سی پی ایل بی نگر  مسٹر تفسیر اقبال نے بتایا کہ مفرور رہزنوں کی تلاشی کیلئے پولیس  کی کوشش جاری ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہت جلد مفرور رہزنوں کو گرفتار کرلیا جائے گا ۔ ڈی سی پی اقبال نے بتایا کہ آٹو نگر کے اس علاقہ میں جہاں فائرنگ کی گئی پہلے ہی سے پولیس کی اینٹی اسنیچنگ ٹیم موجود تھی ۔ اس کے علاوہ ایسے کئی علاقہ ہیں جہاں اے ایس ٹی موجود ہیں ۔  یہ کارروائی جس میں رہزن بہ آسانی مفرور ہوگئے پولیس کاڈرامہ تو نہیں تھا چونکہ قریبی فاصلہ سے فائرنگ کی گئی تھی جبکہ انہیں رنگے ہاتھوں گرفتار بھی کیا جاسکتا تھا لیکن ایسا نہیں ہوا تاہم دوسری طرف رہزنوں کے خلاف اس واقعہ کو ایک سخت پیغام بھی سمجھا جارہا ہے ۔ لیکن ونستھلی پورم فائرنگ میں فائرنگ کے چند گھنٹوں بعد ہی جیڈی میٹلہ میں چین اڑانے کا واقعہ پیش آیا ۔

TOPPOPULARRECENT