Tuesday , June 27 2017
Home / شہر کی خبریں / طلاق ثلاثہ پر امتناع کے لیے سخت قانون ممکن

طلاق ثلاثہ پر امتناع کے لیے سخت قانون ممکن

مسلمان از خود طلاق کا عمل ترک کردیں ، ورنہ حکومت شدید قدم اُٹھائے گی : وینکیا نائیڈو
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ملک میں طلاق ثلاثہ پر امتناع کے لیے قانون لایا جائے گا ۔ حکومت اس سلسلہ میں سخت اقدامات کرے گی ۔ اگر مسلمانوں نے از خود طلاق ثلاثہ کا عمل ترک نہ کیا اور مسلم معاشرہ میں تبدیلی نہیں لائی گئی تو پھر حکومت ہی ایسا قانون لائے گی جس کے ذریعہ طلاق ثلاثہ دینا ممنوع قرار دیا جائے گا ۔ اب مسلم معاشرہ کو فیصلہ کرنا ہے کہ آیا وہ اس مسئلہ پر کیا قدم اٹھاتا ہے ۔ یہ مسلم معاشرہ کے لیے ہی بہتر ہوگا کہ وہ از خود اس عمل کو ختم کردیں ۔ ورنہ ایسی صورتحال پیدا ہوگی کہ حکومت کو طلاق ثلاثہ پر پابندی لگانے کے لیے قانون لانا پڑے گا ۔ یہ کسی کے ذاتی معاملوں میں مداخلت نہیں ہے بلکہ یہ خواتین کے ساتھ انصاف کا سوال ہے ۔ تمام خواتین کو یکساں حقوق دئیے جانے چاہئے ۔ قانون کی نظر میں سب مساوی ہیں یہی اصل مسئلہ ہے ۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات نے یاد دلایا کہ ہندو سماج میں بھی بعض شیطانی عوامل کو بھی ختم کرنے کے لیے قوانین لائے گئے ہیں جیسے کمسن کی شادی ، ستی اور جہیز کی لعنت کو ختم کرنے قانون ہے ۔ ہندو معاشرہ نے کمسن کی شادی پر غور کیا اور پارلیمنٹ نے اس پر پابندی عائد کرنے کے لیے قانون کو منظوری دیدی ۔ دوسرا ستی کا عمل ختم کرنے کے لیے سخت قدم اٹھائے گئے کیوں کہ یہ آبا و اجداد سے چلا آرہا موروثی عمل تھا جہاں ایک خاتون کو اپنے شوہر کی موت کے ساتھ چتا پر ستی ہونے کی رسم تھی ۔ اب یہ رسم بند کردی گئی ہے اور اس کے لیے قانون لایا گیا ہے ۔ ہندو سماج نے از خود اس ستی کے عمل کو ترک کردیا ۔ تیسرا جہیز کا معاملہ ہے ۔ انسداد جہیز ہراسانی قانون کو منظور کیا گیا اور ہندو سماج نے اسے قبول کرلیا ۔ جب اس کو یہ محسوس ہوا کہ ایسا عمل سماج کی بہتری کے برعکس ہے تو ہندو سماج نے اس پر غور و خوص اور از خود اصلاحات لاکر اسے ختم کرنے کی کوشش کی تھیں مزید اصلاحات لانے کی ضرورت ہے اور اس سمت میں کوششیں ہونی چاہئے ۔ وزیر اطلاعات و نشریات آج آندھرا پردیش کے دارالحکومت امراوتی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی آئندہ دس سال تک حکومت کریں گے اور ان کی یہی خواہش ہے کہ مودی ہی ملک کے وزیراعظم کی حیثیت سے مزید 10 سال ختم انجام دیں ۔۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT