Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / طلباء اور نوجوانوں کو شاندار کیرئیر بنانے کے مواقع ، استفادہ پر زور

طلباء اور نوجوانوں کو شاندار کیرئیر بنانے کے مواقع ، استفادہ پر زور

پرانے شہر میں کیرئیر گائیڈنس سنٹر کا افتتاح، کمشنر سٹی پولیس پی مہندرا ریڈی اور دیگر کی مخاطبت
حیدرآباد 24 اپریل (سیاست نیوز) کمشنر سٹی پولیس حیدرآباد مسٹر پی مہندرا ریڈی نے کیرئیر گائیڈنس پروگرام کو یہاں مینار گارڈن فنکشن ہال متصل سالار جنگ میوزیم میں مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ طالب علم کو آج کے دور کے لئے کورس اور ملازمت کے طریقہ کار سے واقف ہونا چاہئے۔ وہ کسی بھی اسکول میں زیرتعلیم ہو اعلیٰ سے اعلیٰ مقام پاسکتا ہے۔ انھوں نے اپنی مثال پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ حکومت کے سوشیل ویلفیر ریزیڈنشیل اسکول میں تعلیم حاصل کئے۔ آج آئی پی ایس کرتے ہوئے کمشنر کے اعلیٰ مقام پر فائز ہیں۔ آپ میں کئی طالب علم آئی اے ایس بن سکتے ہیں، اعلیٰ سے اعلیٰ مقام حاصل کرسکتے ہیں۔ انھوں نے سلسلہ تقریر جاری رکھتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ کے قیام کے بعد سنہرا تلنگانہ کا خواب پورا ہورہا ہے۔ پولیس کانسٹبلس کی 9 ہزار جائیدادوں پر تقررات ہونے والے ہیں جس میں 3 ہزار جائیدادیں حیدرآباد سٹی پولیس کے لئے مختص ہیں۔ وہ یہاں ساؤتھ زون پولیس حیدرآباد اور میناریٹی فینانس کارپوریشن کے زیراہتمام طلباء اور نوجوانوں کیلئے ایک روزہ کیرئیر گائیڈنس پروگرام میں شرکت کئے تھے جس میں کیرئیر گائیڈنس کے ماہرین کی ٹیم صبح سے شرکت کی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ مسٹر عمر جلیل آئی اے ایس نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے پولیس کے فلاحی کاموں کی ستائش کی اور اپنے محکمہ کی جانب سے بھرپور تعاون کا پیشکش کیا۔ اس موقع پر انھوں نے اعلان کیاکہ وہ محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت پرانے شہر میں مستقل کیرئیر گائیڈنس سنٹر قائم کریں گے چاہے اس کے لئے 5 لاکھ تا 10 لاکھ کے اخراجات ہوتے ہوں۔ حکومت تلنگانہ پولیس کو عوام دوست بنانا چاہتی ہے اور اس میں ساؤتھ زون پولیس سب سے آگے ہے اور حرکیاتی ڈی سی پی مسٹر ستیہ نارائنا کی شخصی دلچسپی سے عوامی بھلائی کے کام جاری ہیں اور یہ اس سلسلہ کی کڑی ہے۔ مسٹر شفیع اللہ ایم ڈی میناریٹی فینانس کارپوریشن نے بھی مخاطب کیا اور اپنے بھرپور تعاون کا پیشکش کیا۔ مسٹر لیاقت حسین جنرل منیجر کارپوریشن اعزازی مہمان تھے۔ اس موقع پر صبح ہی سے طلباء و طالبات، نوجوانوں کی کثیر تعداد اس پروگرام میں شرکت کیلئے جمع تھے۔ کیرئیر گائیڈنس کے ماہرین ایم اے حمید کیرئیر کونسل سیاست، احمد بشیرالدین فاروقی، ڈاکٹر عبدالرحمن، طاہر فراز، سید سادات، ڈاکٹر ایم اے رفیق، محمد ساجد، ڈاکٹر قدرت اللہ اور دیگر ماہرین نے حصہ لیا۔ ایم اے حمید نے کیرئیر لکچر دیا اور تعلیمی شعبہ کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ کیرئیر گائیڈنس کونسل کے والینٹرس ایم اے حکیم کی زیرنگرانی اس میں سرگرم حصہ لئے مسٹر بابو راؤ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ اس موقع پر تمام کیرئیر کونسلر کو کمشنر پولیس پی مہندرا ریڈی کے ہاتھوں شال پوشی اور گلدستہ دیا گیا۔ سیاست کیرئیر گائیڈنس کے ایم اے حمید کو گلدستہ دیتے ہوئے کمشنر نے کہاکہ وہ کیرئیر میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس مقصدی کیرئیر گائیڈنس پروگرام میں طلباء و طالبات ، نوجوانوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ محکمہ پولیس نے مؤثر انتظامات کئے تھے اور آخر میں ایڈیشنل ڈی سی پی مسٹر بابو راؤ نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر خلیل الرحمن، عفان قادری، عبدالمجید نور اور دیگر اسکولس کے ذمہ داروں نے شرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT