Sunday , August 20 2017
Home / ہندوستان / طلباء سے وائس چانسلر جے این یو کی اپیل

طلباء سے وائس چانسلر جے این یو کی اپیل

نئی دہلی ۔ 18 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے وائس چانسلر جگدیش کمار نے آج طلباء سے اپیل کی ہے کہ اپنی ہی سلامتی کی خاطر معلنہ احتجاجی جلوس ( مارچ ) سے دستبردار ہوجائیں جو کہ اسٹوڈنٹس یونین صدر کی بغاوت کیس میں گرفتاری کے خلاف آج جنتر منتر تک نکالا جارہا ہے ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ اگرچیکہ احتجاج کا حق طلباء کو بھی حاصل ہے لیکن یہ مارچ نکالنے پر یونیورسٹی کیمپس کے باہر طلباء سلامتی کے لیے جوکھم پیدا ہوجائے گا ۔ لہذا طلباء کو چاہئے کہ معلنہ احتجاجی جلوس پر نظر ثانی کریں ۔ یونیورسٹی کے طلباء اور اساتذہ نے منڈی ہاوز تا جنترمنتر ایک احتجاجی جلوس نکالنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ جے این یو اسٹوڈنٹس لیڈر کنہیا کمار کی رہائی کا مطالبہ کیا جائے جنہیں پارلیمنٹ پر حملہ آور افضل گرو کی برسی کے موقع پر قوم دشمن نعرے بلند کرنے کے سلسلہ میں بغاوت کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ۔ اسٹوڈنٹس یونین کی نائب صدر شیلا رشید نے کل وائس چانسلر کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے احتجاجی جلوس ( مارچ ) نکالنے کی اطلاع دی تھی اور سیکوریٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی گذارش کی تھی جس پر یونیورسٹی کے چیف سیکوریٹی آفیسر نے پولیس سے مناسب انتظامات کے لیے نمائندگی کی تھی ۔۔

TOPPOPULARRECENT