Monday , August 21 2017
Home / اضلاع کی خبریں / طلباء میں خود اعتمادی پیدا کرنا ضروری

طلباء میں خود اعتمادی پیدا کرنا ضروری

ناگر کرنول میں ترغیبی پروگرام سے ضلع کلکٹر ای سریدھر کا خطاب
ناگرکرنول 16؍ ڈسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) روشن زندگی کا انحصار حصول تعلیم پر ہے۔شک وشبہ کو دور کرنے کے لئے ترغیبی پروگرام نہایت ہی فائدہ مند ہے۔ان خیالات کا اظہار ضلع کلکٹر ناگرکرنول مسٹر ای سریدھر نے کیا۔ڈسٹرکٹ ایس سی ویلفئیر آفس ناگرکرنول کے زیر اہتمام ایس سی ہاسٹل میں رہائش پذیر دسویں جماعت کے طلباء کو مستقر کے سائی گارڈن فنکشن ہال میں ترغیبی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایاگیا۔ اس پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی ضلع کلکٹر مسٹر ای سریدھر نے خطاب کرتے ہوئے طلباء کو اپنے اندر خود اعتمادی پیداکرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی شعبہ میں آگے بڑھنے یا اعلٰی مقام حاصل کرنے کے لئے ایس ایس سی کی کافی اہمیت ہے۔انہوں نے کہا کہ دسویں جماعت میں کامیابی کے ساتھ ہی ایک نیا موڑ آتا ہے اور اپنے حوصلے کے مطابق طلباء آگے کے کورسیس کے انتخاب کے ذریعے تعلیمی سفر کو جاری رکھتے ہیں۔انہوں نے تعلیم کے معاملہ میں تجربہ کاروں سے مشورہ ،باہمی مذاکرہ کے ذریعہ باشعور ہوتے ہوئے اپنے تعلیمی سفر کو جاری رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ خود اعتمادی کے ذریعہ ہی بہتر نتیجہ سامنے آتا ہے۔انہوں نے دقیق مضامین پر زائد وقت لگاکر محنت کرنے طلباء کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر ایک اپنے اند ر قابلیت کا جوہر رکھتا ہے طالب علم کو چاہئیے کہ وہ اپنے اندر موجود اس جوہر کو تلاش کرتے ہوئے اپنی قابلیت کو منظر عام پر لائے۔انہوں نے کہا کہ ہر کام کو دل لگاکر خوشی سے کرنے پر وہ کام اس کے لئے آسان ہوجاتاہے۔انہوں نے اپناسارا وقت صرف تعلیم پر لگانے کے بجائے تھوڑاسا وقت کھیل کود اور جائز تفریح کے لئے نکالیں تو ذہنی تکان کو دور کیا جاسکتا ہے اور ہر محنت آسان نظر آنے لگتی ہے۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے خود پہلی جماعت سے ایم اے تک کی تعلیم ہاسٹل میں رہتے ہوئے حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ مسقبل کے فکر نے آج مجھے اس مقام تک پہونچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ بھی مستقبل کی فکر کرنا شروع کردیں تو یہ جگہ آپ کو بٹھا نے کے لئے خود آگے آئیگی۔پروگرام میں ڈی ایس سی ڈی او سرینواس راؤ، ایچ ڈبلیواوز،طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔

TOPPOPULARRECENT