Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / طلبہ کی فیس باز ادائیگی اسکیم ، 30 کروڑ روپیوں کی اجرائی

طلبہ کی فیس باز ادائیگی اسکیم ، 30 کروڑ روپیوں کی اجرائی

سکریٹری فینانس تلنگانہ کے احکامات ، مزید 395 کروڑ کی اجرائی باقی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اگست (سیاست  نیوز) تلنگانہ حکومت نے اقلیتی طلبہ کی فیس بازادائیگی اسکیم کیلئے 30 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ سکریٹری فینانس کے رام کرشنا راؤ نے آج اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے ۔ مالیاتی سال 2015-16 ء کے بجٹ سے یہ رقم جاری کی گئی۔ حکومت نے اقلیتی طلبہ کی فیس بازادائیگی کے سلسلہ میں بجٹ میں 425 کروڑ روپئے مختص کئے تھے لیکن ابھی تک پہلی قسط جاری نہیں کی گئی تھی۔ آج پہلی قسط کے طور پر 30 کروڑ روپئے جاری کئے گئے جبکہ مزید 395 کروڑ روپئے کی اجرائی باقی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو برسوں سے اقلیتی طلبہ کو فیس بازادائیگی کے تحت رقم جاری نہیں کی گئی جس کے باعث طلبہ کو کالجس کی ہراسانی کا سامنا ہے۔ کئی کالجس نے فیس کی عدم ادائیگی پر طلبہ کے سرٹیفکٹس کو روک لیا ہے۔ 2013-14 ء اور 2014-15 ء کے بقایاجات تقریباً 51 کروڑ روپئے بتائے جاتے ہیں۔ اگر محکمہ اقلیتی بہبود آج جاری کردہ 30 کروڑ روپئے بقایا جات کی ادائیگی پر خرچ کرتا ہے، تب بھی مکمل بقایا جات ادا نہیں ہوں گے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے حکومت سے خواہش کی ہے کہ مزید 50 کروڑ روپئے اس اسکیم کے تحت جاری کئے گئے تاکہ جاریہ سال اسکیم پر عمل آوری میں سہولت ہو۔

TOPPOPULARRECENT