Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / طوفان’میگھ‘ میں شدت‘ موسلادھاربارش کا امکان

طوفان’میگھ‘ میں شدت‘ موسلادھاربارش کا امکان

تلنگانہ کے موسم میں تبدیلی‘ سردی میں بتدریج اضافہ‘آندھراپردیش میں حکام کو چوکسی کی ہدایت
حیدرآباد۔9نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں زبردست کمی کے ساتھ طوفان ’’میگھ‘‘آئندہ ایک یا دو دن میں شدت اختیار کرسکتا ہے جس کے اثر سے گجرات ‘ کرناٹک ‘ کونکن اور گوا کے علاوہ آندھراپردیش کے ساحلی اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ تلنگانہ کے بعض علاقوں میں بھی ہلکی یا اوسط بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے لیکن اس طوفان سے اٹھنے والی 15فٹ بلند لہروں سے یمن اور سعودی عرب کے ساحلی علاقوں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔ اس قسم کے طوفان بحرہند اور خلیج بنگال میں اکثر ہر سال اس موسم میں آیا کرتے ہیں جنہیں صرف طوفان نہیں کہا جاتا بلکہ اس کو مختلف نام دیئے جاتے ہیں تاکہ ان کی بہ آسانی شناخت ہوسکے ۔ شمالی بحرہند ( بحرعرب و خلیج بنگال) کے اطراف و اکناف کے آٹھ ممالک ہندوستان ‘ بنگلہ دیش ‘ مالدیپ ‘ مائینمار‘ سلطنت عمان ‘ پاکستان ‘ سری لنکا اور تھائی لینڈ متواتر ایک کے بعد دیگر ان طوفانوںکے نام تجویز کیا کرتے ہیں ۔20ویں صدی میں آسٹریلیا کے ایک ماہر موسمیات نے پیش قیاسیوں کے دوران طوفانوں کو اپنے ناپسندیدہ سیاستدانوں سے موسوم کرنے لگا ۔ امریکہ میں یہ طوفان کے نام رکھنے کا آغآز 1953 سے ہوا اور برصغیر ہند میں 2004 سے اس طریقہ کار پر عمل کیا جانے لگا ۔2013 کے طوفان ’’ہدہد‘‘ کا نام سلطنت عمان نے تجویز کیا تھا ۔ ہندوستان نے تاحال چار نام ’’ لیلیٰ ‘ میگھ ‘ ساگر اور وایو ‘‘ تجویز کیا ہے  طوفان ہدہد سے ساحل آندھراپردیش کے علاوہ اڈیشہ اور پڑوسی ملک نیپال کو زبردست نقصان پہنچا تھا ۔ طوفان ہدہد کا نام سلطنت عمان نے تجویز کیا تھا ۔ سری لنکا نے طوفان ’اشوبا‘ کا نام تجویز کیا تھا جو اس سال جون میں سلطنت عمان سے ٹکرایا تھا ۔ ماہرین موسمیات نے کہاہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی اور شمال مشرقی مانسون سرگرم ہوجانے کے سبب تلنگانہ میںموسم بتدریج تبدیل ہورہا ہے ‘جہاں رات کے اوقات سردی میں اضافہ ہورہاہے ۔رات دیر گئے آندھراپردیش کے چیف سکریٹری آئی وائی آرکرشنا راؤ نے حکام کو چوکسی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ساحلی اضلاع میںبارش اور طوفان سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں

TOPPOPULARRECENT