Thursday , October 19 2017
Home / اضلاع کی خبریں / ظہیرآباد میں تبلیغی اجتماع کے انتظامات کا جائزہ

ظہیرآباد میں تبلیغی اجتماع کے انتظامات کا جائزہ

برقی و پانی کی موثر سربراہی کرنے عہدیداروں کو ایم ایل سی محمد فرید الدین کی ہدایت
ظہیرآباد۔/8نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن قانون ساز کونسل جناب محمد فرید الدین نے آج یہاں آئی ڈی ایس ایم ٹی کالونی کی افتادی اراضی پر 11تا13 نومبر کو منعقد شدنی ضلع سطح کے تبلیغی اجتماع کے ضمن میں جاری انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے اجتماع میں شرکت کرنے والے فرزندان توحید کے لئے عارضی طور پر قائم کئے گئے پنڈال، وضو خانوں، طہارت خانوں اور طعام خانوں کے علاوہ روشنی، سربراہی آب اور دیگر کاموں کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں اس خصوص میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جناب فرید الدین نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے اس سہ روزہ اجتماع میں شرکت کرنے والے مسلمانوں کو شریعت محمدی پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین کی جاتی ہے۔ بلا لحاظ مذہب و ملت دیگر ابنائے وطن کے ساتھ بہتر سلوک کرنے، ماں باپ کی فرمانبرداری کرنے، اسراف سے پاک شادی کرنے حتیٰ کہ جانوروں کے ساتھ رحم کا معاملہ کرنے کا درس دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں اس طرح کے جتماعات، بھائی چارگی ، انسانیت کے ارتقاء اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینے میں ممدو معاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس سہ روزہ اجتماع کے موقع پر بلا وقفہ برقی اور پانی کی سربراہی کے علاوہ صاف صفائی کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ صدر ضلعی تبلیغی جماعت مولانا محمد سلیمان صوفی نے کہاکہ تبلیغی جماعت کے اس اجتماع میں ریاست تلنگانہ، آندھرا پردیش، مہاراشٹرا اور کرناٹک کے تبلیغی جماعت کے جید علماء کرام شرکت کریں گے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اجتماع کے لئے ضلع کلکٹر سے اجازت حاصل کی گئی ہے جبکہ سہ روزہ اجتماع کے موقع پر پانی کی موثر سربراہی اور بہتر صفائی کیلئے میونسپل کمشنر، برقی کی بلاوقفہ سربراہی کیلئے متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں، طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر نیز معقول پولیس بندوبست کیلئے سب ڈیویژنل پولیس آفیسر کو بھی ہدایات دی گئی ہیں۔ اس موقع پر تبلیغی جماعت کے ضلعی و مقامی ذمہ داروں کے بشمول ٹی آر ایس کے سرکردہ قائدین مسرز چرنجیوی پرساد صدر ظہیرآباد منڈل پرجا پریشد، چیوری لاونیا صدرنشین بلدیہ، محمد عظمت پاشاہ نائب صدر نشین بلدیہ، نابا روی کرن، موتی رام، بی ستیش، محمد اکبر اراکین بلدیہ، چندو لاونیا، گورے میاں سکندر، ایم اے باسط، ایم اے وہاب، محمد غوث موذن اور دوسرے موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT