Sunday , October 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / ظہیر اور سوان نے مجھے سب سے زیادہ چیلنج کیا : سنگاکارا

ظہیر اور سوان نے مجھے سب سے زیادہ چیلنج کیا : سنگاکارا

سری لنکا کے عظیم کھلاڑی کی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور دیگر گوشوں سے زبردست ستائش
کولمبو ؍ دبئی ، 24 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) اسپنر روی چندرن اشوین نے بھلے ہی کمار سنگاکارا کو اُن کی آخری چار اننگز میں آؤٹ کیا لیکن لجنڈری کرکٹر نے آج ویٹرن انڈیا پیسر ظہیر خان کو سب سے زیادہ خطرناک بولروں میں سے قرار دیا جن کا انھیں اپنے 15 سالہ طویل شاندار کریئر کے دوران سامنا ہوا ہے۔ یہ پوچھنے پر کہ اتنے برسوں میں کو ن سے بولروں نے انھیں چیلنج پیش کیا، سنگا نے کہا: ’’اِس سیریز میں اشوین، لیکن بصورت دیگر ظہیر خان اور گرائم سوان ایسے بولرز رہے۔‘‘ 37 سالہ سنگا نے آج 134 ٹسٹ میں 57.4 کی اوسط پر 12,400 رنز کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ انھیں لجنڈری کرکٹر کے ساتھ ایک ہی دور میں کھیلنے کا موقع ملا ہے۔ کوہلی نے اپنے پیام میں جس کا عکس بی سی سی آئی کی طرف سے ٹوئٹر پر پیش کیا گیا، تحریر کیا کہ سنگاکارا کو بطور شخصیت جاننے کا موقع ملا اور کرکٹ میں اُن کے کارہائے نمایاں کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے بشمول مختلف گوشوں سے تعریف و ستائش کے درمیان کولمبو میں ہندوستان کے خلاف دوسرے ٹسٹ کے اختتام پر طویل وداعی تقریب میں سنگا نے کہا کہ جب کوئی انٹرنیشنل کرکٹ سے سبکدوش ہو تو اسے آخری لمحہ کرب کا احساس ہوتا ہے۔ آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے سنگا کی بھرپور ستائش کی جو گزشتہ پندرہ سال میں دنیا کے نمایاں کرکٹرز میں سے رہے۔ انھوں نے 2006ء سے لے کر 2014ء تک کئی آئی سی سی اعزازات جیتے۔ آسٹریلیا کے آڈم گلکرسٹ نے سنگا کو عظیم کرکٹر قرار دیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT