Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / ظہیر خان کو ممبئی ونڈے میں تہنیت پیش کی جائے گی

ظہیر خان کو ممبئی ونڈے میں تہنیت پیش کی جائے گی

نئی دہلی ۔ 23 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی نے اعلان کیا ہے کہ وہ 25 اکتوبر کو ممبئی وانگھڈے اسٹیڈیم میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانے والے پانچویں ونڈے کے دوران ہندوستان کے کامیاب ترین بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ظہیر خان کو تہنیت پیش کی جائے گی جنہوں نے رواں ہفتہ بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے۔ موجودہ دور کی کرکٹ میں ظہیر خان کو ایک کامیاب ترین بولر تصور کیا جاتا ہے جنہوں نے 3 اکتوبر 2000 ء کو کینیا کے خلاف نیروبی میں ونڈے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ تقریباً 15 برس کے کامیاب ترین بین الاقوامی کیریئر میں انہوں نے ہندوستان کی 200 ونڈے مقابلوں میں نمائندگی کی ہے اور 282 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ علاوہ ازیں 37 سالہ بولر نے 92 ٹسٹ مقابلوں میں ہندوستان کیلئے 311 وکٹیں حاصل کیں اور وہ ملک کیلئے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولروں کی فہرست میں چوتھے مقام پر فائز ہیں ۔ بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ ظہیر خان کی ہندوستانی کرکٹ کیلئے خدمات کافی شاندار ہیں اور وہ ہند۔جنوبی افریقہ سیریز کے پانچویں ونڈے کے موقع پر ممبئی میں پیش کی جانے والی تہنیت کے مستحق ہیں۔

 

ظہیر عباس کے بیانات پر آئی سی سی ناراض
کراچی۔23 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے حکام اپنے صدر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ظہیر عباس کے بیانات سے ناراض ہیں ان کی رائے میں رکن ملکوں کے معاملے میں صدر کے بیانات کرکٹ کی عالمی تنظیم کے شایان شان نہیں بلکہ ان کے منصب کے منافی ہیں۔ انہیں مستقبل میں محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے‘ کیوں کہ آئی سی سی کے حکام عام طور پر اپنے پالیسی معاملات میڈیا کے سامنے نہیں لاتے۔لیکن پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ظہیر عباس نے پاکستاناور ہندوستان سیریز اور  ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ سے متعلق خیالات کا اظہار کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ماضی میں آئی سی سی کے صدر کے پاس تمام تر اختیارات ہوتے تھے۔ گذشتہ ڈہائی سال سے آئی سی سی کے صدر کا عہدہ محض رسمی رہ گیا ہے۔ ظہیر عباس کی حیثیت فوٹو سیشن سے زیادہ کی نہیں ہے۔ تاہم انہوں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد میڈیا میں کئی پالیسی معاملات پر متنازع بیانات دیے جس سے آئی سی سی کو سبکی اٹھانا پڑی۔ ذرائع کے مطابق ممبئی میں شیو سینا کے حملے کے بعد ظہیر عباس نے آئی سی سی ورلڈ کپ  ٹورنمنٹ کے بارے میں جو بیان دیا اس سے آئی سی سی کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔ شہریار خان نے بھی لاہور میں اپنی پریس کانفرنس میں ظہیر عباس کے بیان کا خاص طور پر حوالہ دیا۔

TOPPOPULARRECENT