Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / عابد علی خان آئی ہاسپٹل پر آج شیعہ برادری کیلئے رشتوں کا دوبدو پروگرام

عابد علی خان آئی ہاسپٹل پر آج شیعہ برادری کیلئے رشتوں کا دوبدو پروگرام

سیاست و ایم ڈی ایف سے تیاریاں مکمل، مولانا میر محمد علی اور مولانا علی مرتضیٰ مہمان خصوصی
حیدرآباد ۔ 5 ستمبر (دکن نیوز) ملک میں ادارہ سیاست اور مائناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کی جانب سے شیعہ مسلم لڑکی اور لڑکیوں کی شادیوں کے سلسلہ میں رشتے طئے کرنے کیلئے والدین اور سرپرستوں کا تیسرا خصوصی دوبدو پروگرام اتوار 6 ستمبر کو 10 بجے تا 4 بجے شام عابد علی خان آئی ہاسپٹل (دارالشفاء) میں مقرر ہے۔ قبل ازیں شیعہ برادری کیلئے دو خصوصی دوبدو ملاقات پروگرام نہایت کامیابی کے ساتھ منعقد کئے گئے۔ علی رضا صدر مرکزی سیرت الزہرہ کمیٹی کے تعاون و اشتراک سے دوبدو ملاقات پروگرام میں شرکت کی عام اجازت ہوگی۔ جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست اس موقع پر منعقد شدنی جلسہ ’’شعور بیداری‘‘ کی صدارت کریں گے۔ مولانا میر محمد علی (مقیم ایران)، ذاکر اہلبیت مولانا علی مرتضیٰ مہمان خصوصی ہوں گے۔ عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف کی زیرقیادت انتظامات زوروشور سے جاری ہیں۔ اتوار کو عابد علی خان آئی ہاسپٹل کے باب الداخلہ پر لڑکوں و لڑکیوں کے علحدہ علحدہ رجسٹریشن کاونٹرس بنائے جارہے ہیں جہاں مفت رجسٹریشن کروانے کی سہولت حاصل رہے گی۔ والدین سے خواہش کی گئی ہیکہ وہ اپنے لڑکے و لڑکی کے بائیو ڈاٹاز اور فوٹوز کے ساتھ صبح 10 بجے سے رجسٹریشن کاونٹر پر ربط پیدا کریں جہاں لڑکوں کے والدین اور سرپرستوں کو پیلے ربن اور لڑکیوں کے والدین کو سبز ربن لگائے جائیں گے تاکہ ایک دوسرے کے تعارف اور باہمی مشاورت میں سہولت ہوسکے۔ ایم ایم قدیر نے بتایا کہ جو لوگ پہلے سے ہی رجسٹریشن کرواچکے ہوں انہیں مزید رجسٹریشن کرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ تاہم انہیں ربن لگانا ضروری ہوگا۔ اس موقع پر ایم ڈی ایف کے کونسلرس اور والینٹرس مختلف قابلیت رکھنے والے لڑکوں کے بائیو ڈاٹاس کی تفصیل سے واقف کروائیں گے جن میں ایس ایس سی، انٹرمیڈیٹ، گریجویشن، پوسٹ گریجویشن و دیگر تعلیمی قابلیت رکھنے والے بے شمار پیامات شامل ہیں۔ اس پروگرام کو کافی مقبولیت بھی حاصل ہوئی ہے۔ چنانچہ لکھنؤ کی بعض شیعہ تنظیموں کے سربراہوں نے وہاں بھی دوبدو ملاقات پروگرام منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ بیرونی ممالک میں مقیم والدین و سرپرستوں نے بھی ادارہ سیاست سے خواہش کی تھی کہ وہ پیامات کا مشاہدہ کرنے کیلئے خصوصی ویب سائیٹ شروع کریں چنانچہ ادارہ سیاست نے ان کی خواہش کی تکمیل کرتے ہوئے [email protected] ویب سائیٹ کا آغاز کردیا ہے جس سے بیرونی ملکوں میں مقیم اصحاب و خواتین استفادہ کرسکتے ہیں۔ عابد علی خان آئی ہاسپٹل (دارالشفاء) میں سیاست کے زیراہتمام بے شمار فلاحی پروگرام منعقد کئے جاچکے ہیں۔ امریکی ڈاکٹرس کا کیرو پراکٹک کیمپ ہر 6 ماہ میں منعقد ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ حجامہ کیمپ کا نہایت پابندی کے ساتھ ہاسپٹل کی عمارت میں اہتمام کیا جاتا ہے، جس سے سینکڑوں مرد و خواتین استفادہ کررہے ہیں۔ ادارہ سیاست و ایم ڈی ایف کی جانب سے پہلی بار ہاسپٹل کی عمارت میں دوبدو ملاقات پروگرام منعقد ہورہا ہے کیونکہ دارالشفاء، نورخاں بازار، بالسٹی کھیت، عثمان پورہ، پرانی حویلی، میرعالم منڈی جیسے علاقوں میں بڑی تعداد میں شیعہ برادری مقیم ہے جن کی سہولت کیلئے ان علاقوں سے نزدیک دوبدو پروگرام کے مقام کا انتخاب کیا گیا ہے۔
صدر ایم ڈی ایف کا اظہار تعزیت
حیدرآباد ۔ 5 ستمبر (دکن نیوز) عابد صدیقی صدر اردو والینٹرس جرنلسٹس اسوسی ایشن نے نامور افسانہ نگار محترمہ ڈاکٹر فریدہ زین کے انتقال پُرملال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فریدہ زین نے بے شمار ناول، افسانوں اور مضامین کے ذریعہ اردو کے ادبی سرمایہ میں غیرمعمولی اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی کچھ دن قبل ان کے مضامین پر مشتمل کتاب کی رسم اجراء دفتر سیاست پر جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست کے ہاتھوں انجام پائی تھی۔ وہ بزم خواتین کی بھی ایک سرگرم رکن تھیں۔ ان کے انتقال سے اردو ادب بالخصوص افسانہ نگاری کا ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ اللہ ان کی مغفرت کرے اور انہیں جوار رحمت میں جگہ دے۔

TOPPOPULARRECENT