عابد علی خاں آئی ہاسپٹل میں عالمی طرز کا آپریشن تھیٹر

   

جناب زاہد علی خاں کے ہاتھوں افتتاح، خدمت خلق اولین مقصد
حیدرآباد ۔ 10 ستمبر (سیاست نیوز) آنکھیں قدرت کا انمول تحفہ ہے جس کے ذریعہ انسان نہ صرف فطرت کے حسن کا نظارہ کرتے ہیں بلکہ اللہ عزوجل کی نعمتوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے بے شمار نعمتوں کے لئے اپنے رب ذوالجلال کا شکریہ بجا لاتے ہیں۔ اس لئے کہا جاتا ہے کہ آنکھوں کی اہمیت ان سے پوچھئے جو قوت بصارت سے محروم ہیں۔ آپ اور ہم نے اکثر ایسے لوگوں کو دیکھا ہے جو ایک بڑی عمر کو پہنچنے کے بعد اس قوت سے محروم ہو جاتے ہیں یا ان کی قوت بصارت کمزور ہو جاتی ہے اور انہیں سب سے زیادہ افسوس اس بات پرہوتا ہیکہ عمر بھر وہ اللہ کے کلام یعنی قرآن مجید کو پڑھنے سے محروم رہے اور جب ان کے اذہان و قلوب میں قرآن کے پڑھنے اور پڑھانے کا شوق و جذبہ پیدا ہوا تب قوت بصارت کمزور ہوگئی ہے۔ بہرحال ہمیں اللہ کی نعمتوں کے لئے اس کا ہر لمحہ شکر بجالانا چاہئے۔ جہاں تک آنکھوں کا سوال ہے اس کی صحت و نگہداشت کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔ اگر کوئی معمولی مسئلہ بھی ہے تو فوری ماہر امراض چشم سے رجوع ہونا چاہئے۔ ہمارے شہر میں امراض چشم کے بہترین ہاسپٹل ہیں۔ ان میں عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء بھی شامل ہے۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے اس ہاسپٹل میں انتہائی عصری سہولتوں سے آراستہ آپریشن تھیٹر کا افتتاح انجام دیا اور اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر سید معاذ، ڈاکٹر ڈی سمیہ، ڈاکٹر سید رفیع الدین اور ڈاکٹر نشاد احمد جیسے ماہرین امراض چشم عابد علی خاں ہاسپٹل میں مریضوں کی ماہرانہ و بہتر انداز میں خدمت کررہے ہیں۔ بالفاظ دیگر عابد علی خاں آئی ہاسپٹل واجبی فیس پر بہترین علاج کا مرکز ہے۔ اس ہاسپٹل میں پہلے ہی سے دو آپریشن تھیٹرس کام کررہے ہیں۔ تیسرے آپریشن تھیٹر کے بارے میں ڈاکٹر معاذ نے بتایا کہ نئے آپریشن تھیٹر میں عالمی معیارات کو ملحوظ رکھا گیا جہاں انفکشنس سے کسی مریض کے متاثر ہونے کے امکانات بہت کم ہوتے ہیں کیونکہ آنکھوں کے آپریشن کے دوران دیکھا جاتا ہے کہ بعض مریض مختلف انفیکشن کی زد میں آجاتے ہیں۔ ویسے بھی عابد علی خاں آئی ہاسپٹل کے قیام کا مقصد ہی کم سے کم فیس میں زیادہ سے زیادہ بہتر علاج کی فراہمی ہے۔