Thursday , August 24 2017
Home / اضلاع کی خبریں / عادل آباد میں ہفت روزہ جشن تعلیم کا انعقاد

عادل آباد میں ہفت روزہ جشن تعلیم کا انعقاد

بھینسہ /15 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ماہ نومبر میں ملک کی معروف علمی و سیاسی ہستیوں 9 نومبر علامہ اقبال، 11 نومبر مولانا آزاد اور 14 نومبر پنڈت جواہر لال نہرو کے یوم پیدائش کے ضمن میں اسلامیہ ماڈل ہائی اسکول طلبہ اسوسی ایشن کی جانب سے ہفتہ روزہ جشن تعلیم کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس دوران مختلف علمی و ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے اور ایک تحریری مقابلہ بعنوان ’’تعلیم کی اہمیت‘‘ منعقد کیا گیا۔ علاوہ ازیں مختصر ڈرامہ بعنوان ’’سماجی برائیاں اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ تقریری مقابلہ بعنوان ’’اپنی صلاحیتوں کو کیسے فروغ دیں‘‘ پوسٹر کی تیاری بعنوان ’’آلودگی سے پاک ماحول‘‘ اور ورقیہ کی تیاری بعنوان ’’احترام انسانیت اور رواداری‘‘ رکھا گیا۔ طلبہ نے ان مقابلہ جات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مدرس سید سرفراز نے طلبہ کو ان مقابلہ جات میں شرکت پر مبارکباد پیش کی اور آئندہ مزیر محنت کرتے ہوئے بہتر مظاہرہ کی توقع ظاہر کی۔ بعد ازاں الیاس احمد راحل سکریٹری اسلامیہ ماڈل ہائی اسکول نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا آزاد کی شخصیت علمی اعتبار سے طلبہ کے لئے مشعل راہ اور رواداری و احترام انسانیت کے اعتبار سے ملک کے ہر شہری کے لئے قابل تقلید ہے۔ مولانا آزاد کی شخصیت اپنی ذات میں ایک انجمن تھی۔ مولانا نے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو انسانیت کی بھلائی کے لئے صرف کی۔ وہ ایک محب وطن، شعلہ بیان مقرر، بصیرت افروز سیاست داں اور شفیق رہنما تھے، اسی لئے انھیں امام الہند کے خطاب سے نوازا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ طلبہ اپنے اندر انفرادی صلاحیتوں کا شعور پیدا کریں اور انھیں انسانی خدمت کے لئے صرف کریں۔ اس موقع پر مدرس سلیم احمد، ثناء اللہ خان، سید منہاج، عبد الرحمن، سجاد احمد کے علاوہ طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مدرس عبد الکریم نے پروگرام کی کارروائی چلائی۔ واضح رہے کہ 14 نومبر کو پنڈت نہرو کے یوم پیدائش (یوم اطفال) کے موقع پر کوئز مقابلہ رکھا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT