Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کوسم کارڈسعودی عرب میں جاری ہوگا

عازمین حج کوسم کارڈسعودی عرب میں جاری ہوگا

ٹرین کی سہولت محدود ، حکومت سعودی عرب کی جانب سے انتظامات میں تبدیلیاں
حیدرآباد۔/22جولائی، ( سیاست نیوز) حج 2016کے انتظامات کے ضمن میں حکومت سعودی عرب نے بعض اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ عازمین حج کو ٹیلی فون سم کارڈ سعودی عرب پہنچنے کے بعد دیا جائے گا اور ایام حج کے دوران صرف 35 ہزار ہندوستانی عازمین حج کیلئے ٹرین کی خدمات دستیاب رہیں گی باقی عازمین کیلئے بس سے سفر کا انتظام رہے گا۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکیولر موصول ہوا ہے جس میں کونسل جنرل جدہ کے حوالے سے یہ تفصیلات فراہم کی گئیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی  پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سعودی ٹیلی کام ریگولیٹری اتھاریٹی، کمیونیکیشنس اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی کمیشن نے سعودی عرب میں پری پیڈ اور پوسٹ پیڈ سم کارڈ کے رجسٹریشن اور استعمال کیلئے فنگر پرنٹ کے حصول کو لازمی قرار دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سم کارڈز سعودی عرب پہنچنے کے بعد فراہم کئے جائیں گے۔ کونسلیٹ کی جانب سے انڈین حج مشن کے برانچ آفس میں سم کارڈ کی اجرائی کا انتظام رہے گا۔ اسی طرح حکومت سعودی عرب نے گذشتہ سال منیٰ میں بھگدڑ کے واقعہ کو دیکھتے ہوئے بعض انتظامات میں تبدیلی کی ہے۔ مشائیر ٹرین سہولت کو بہتر بنانے اور وہاں ہجوم کم کرنے کیلئے بعض فیصلے کئے گئے۔ حکومت سعودی عرب نے 35 ہزار ہندوستانی عازمین حج کو یہ سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عازمین حج کو منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں سہولت سے استفادہ کیلئے ٹوکن دیئے جائیں گے مابقی عازمین کیلئے بس سرویسیس دستیاب رہیں گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے حج گائیڈ تمام عازمین کو روانہ کئے جاچکے ہیں اور تمام عازمین کو اپنے ساتھ یہ گائیڈ رکھنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ادویات کے ساتھ ڈاکٹر کی چٹھی کا ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سعودی عرب نے عازمین حج کیلئے واٹس ایپ کے ذریعہ تصاویر یا ویڈیوز روانہ کرنے پر بھی پابندی لگادی ہے۔ اسی دوران سنٹرل حج کمیٹی نے تلنگانہ سے ویٹنگ لسٹ کے مزید 45 درخواست گذاروں کا انتخاب کیا ہے۔ تلنگانہ میں ویٹنگ لسٹ کے درخواست گذار جن کے نمبر 130 سے 174 ہیں وہ 30جولائی سے قبل اپنے درج زمرہ کے مطابق حج مصارف کی جملہ رقم جمع کردیں اور بینک چالان کی رسید کے ہمراہ اپنے اوریجنل پاسپورٹ، ایک عدد کلر فوٹو اور میڈیکل اسکریننگ فٹنس سرٹیفکیٹ دفتر حج کمیٹی میں جمع کریں۔ آندھرا پردیش کے ویٹنگ لسٹ کے تحت 16 درخواست گذاروں کا انتخاب عمل میں آیا۔ تاحال صدر جمہوریہ کے خصوصی زمرہ میں 20 ، وزیر اعظم کے کوٹہ کے تحت ایک اور محرم زمرہ کے تحت 21 عازمین کا انتخاب عمل میں آچکا ہے۔

TOPPOPULARRECENT