Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کو سفر میںبعض اشیاء اپنے ساتھ لے جانے کی ممانعت

عازمین حج کو سفر میںبعض اشیاء اپنے ساتھ لے جانے کی ممانعت

پابندیوں پر سختی کے ساتھ عمل آوری : عازمین احتیاط کریں:پروفیسر ایس اے شکو رکا بیان
حیدرآباد ۔ 20اگست  ( پریس نوٹ ) عازمین حج کے لئے سفر حج میں اپنے ساتھ کئی اشیاء ساتھ رکھنے پر پابندی ہے جس پر سختی کے ساتھ عمل آوری کی جاتی ہے۔ حج کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائینس میں بھی اس کی صراحت کی گئی ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی  پروفیسر ایس اے شکور نے عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ وہ  ان پابندیوں کا خیال رکھیں اور کوئی یسی چیز اپنے ساتھ نہ لے جائیں جس کی وجہہ سے ان کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔ حکومت سعودی عربیہ نے عازمین کے لئے کسی بھی قسم کی کھانے پینے کی اشیأ خواہ وہ پکی پکائی اور تیار ہوں یا خام حالت میں ہوں‘ تیل گھی‘ اچار‘ مچھلی مٹھائیاں‘ پھل وغیرہ ساتھ رکھنے پر امتناع عائد کر رکھا ہے۔ جدہ‘ مدینہ یا حیدرآباد میں ایر پورٹ پر کسٹمس حکام ایسی چیزوں کو ضبط کرلیں گے۔ اس لئے عازمین حج کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ کھانے پینے کی چیزیں ساتھ لے جانے سے احتیاط کریں۔   حکومت سعودی عربیہ نے عازمین کے لئے کسی بھی قسم کا سیاسی یا فحش لٹریچر‘ تصاویر بھی ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کی ہے۔ عازمین پر سفر حج کے دوران آگ پکڑنے والی چیزیں‘ جیسے کیروسن‘ پٹرول‘ اسٹو وغیر ہ بھی لے جانا منع ہے۔ اگر کوئی عازم حج ایسی چیزیں لے جائے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مزید کہا کہ خشخش‘ خمیرہ‘ گٹکھا‘ پیپر منٹ ادویات‘ نشہ آور چیزیں‘ ویاگرا  اور اس قسم کی دوسری چیزیں یا تیل وغیرہ لے جانا بھی منع ہے۔  عازمین منیٰ جاتے وقت اپنا ٹکٹ ‘ سفری دستاویزات‘ زیادہ رقم‘ زیورات یا دوسری قیمتی اشیأ ساتھ نہ لے جائیں۔ اس کے علاوہ اگر کوئی بھکاری عازم حج کے روپ میں سفر پر جائے توحج کمیٹی اس کے ساتھ سختی سے نمٹے گی اور اس کا سفر منسوخ کردیا جائے گا یا جو بھی رقم جمع کروائی ہو اسے ضبط کرلیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT