Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کو عبادات کا اہتمام اور شاپنگ میں وقت ضائع نہ کرنے کا مشورہ

عازمین حج کو عبادات کا اہتمام اور شاپنگ میں وقت ضائع نہ کرنے کا مشورہ

دوسری قسط جمع کروانے کی آج آخری تاریخ: مولانا اعظم علی صوفی اور پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب
حیدرآباد17جولائی ( پریس نوٹ ) مولانا قاضی سید شاہ اعظم علی شاہ صدر کل ہندجمیعتہ المشایخ نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ حرم شریف میں اپنا قیمتی وقت عبادات میں ہی صرف کریں اور شاپنگ اور دوسری مصروفیات میں وقت برباد نہ کریں‘ کیونکہ وہاں عبادات کی سعادت ہمیشہ نصیب نہیں ہوتی ‘حرم شریف میں ایک رکعت نماز کا ثواب ایک لاکھ رکعت کے برابر ہوتا ہے اور باجماعت نماز کا ثواب ستائیس گنا زیادہ ہوتا ہے۔  حرم شریف میں طواف کرنے میں نمازیں ادا کرنے میں اور صرف کعبتہ اللہ کو دیکھتے رہنے میں بھی نیکیاں ہی نیکیاں ہیں۔ وہ آج جامع مسجد اعظم پورہ میں تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ عازمین حج کے ساتویں تربیتی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے فضائیل و مسائیل حج و عمرہ تفصیل اور باریک بینی کے ساتھ بیان کئے ۔چارٹس اور پاور پوائنٹ کے ساتھ اسکرین پر مناسک حج و عمرہ میں روشنی ڈالی۔ انہو ںنے کہا کہ بعض حجاج کرام حلق ( حجامت ) کرواتے وقت صرف تھوڑے سے بال کٹوا لیتے ہیں تاکہ ان کا ہیر اسٹائیل خراب نہ ہو‘ یہ غلط بات ہے ‘ عازمین خلوص نیت کے ساتھ مناسک ادا کریں ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ا یس اے شکور نے کہا کہ حج مصارف کی دوسری قسط جمع کروانے کی 18جولائی آخری تاریخ ہے جس میں مزید توسیع نہیں ہوگی اس لئے جن عازمین نے رقم جمع نہیں کروائی ہے وہ فوری اپنی رقم جمع کروادیں۔ انہوں نے کہا کہ رباط میں قیام کے لئے منگل کو قرعہ اندازی ہوگی اور عازمین حج کو اس کے لئے درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہے۔سابق ریاست حیدرآباد کے علاقہ کے عزیزیہ زمرہ کے تمام عازمین کا نام قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا۔ تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔عازمین کی ٹیکہ اندازی کا بھی بہت جلد آغاز ہوگا۔ عازمین کو صرف اسٹانڈرڈ سائز کے دو سوٹ کیس ساتھ لے جانے کی ہی اجازت ہوگی۔ سوٹ کیس سے ہٹ کر دوسرے قسم کا سامان لے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ قاری شاہ محمد مسعود احمد رضوی کی قرأت کلام پاک اور جناب عرفان شریف اے ای او حج کمیٹی کی حمد سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ ڈسٹرکٹ ٹرینرجناب عبدلرحمن حسن قادری  نے سفر حج سے متعلق اہم امور بیان کئے۔ مولانا عبدالفتح سید بندگی باشاہ ریاض قادری نے سفر حج اور مدینہ منورہ میں قیام کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہو ں نے کہا کہ حجاج کرام مدینہ منورہ پہنچتے ہی اپنی رہائش گاہ کا کارڈ حاصل کرلیں کیونکہ وہاں قیام کے لئے یہ بے حد ضروری ہوتا ہے۔ مولانا قاضی سید مصطفیٰ علی صوفی سعید پاشاہ نے آداب زیارت روضہ نبوی ﷺ پر روشنی ڈالی اور کہا کہ حجاج کرام کو اس شہر مقدس میں بے حد ادب و احترام کرنے کی ضرورت ہے‘ یہاں آواز بھی بلند کرنے کی اجازت نہیں ہے۔  ابتدا میں مولانا سید نوراللہ حسینی نے خیر مقدم کیا اور آخر میں مولانا فیض اللہ عبدالباری نے شکریہ ادا کیا۔ اجتماع میں عازمین حج کی کثیر تعداد شریک تھی۔

TOPPOPULARRECENT