Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کو فرائض،واجبات اور سنتوں کی ادائیگی کا مکمل اہتمام کرنے کا مشورہ

عازمین حج کو فرائض،واجبات اور سنتوں کی ادائیگی کا مکمل اہتمام کرنے کا مشورہ

تربیتی اجتماع سے مولانا قبول پاشاہ شطاری‘مولانا جعفر پاشاہ‘  پروفیسر ایس اے شکور اور علما کرام کا خطاب
حیدرآباد 7  اگست  ( پریس نوٹ ) تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام منتخب عازمین حج کے لئے نواں تربیتی اجتماع آج  جامع مسجد بغدادی ٹیک نامپلی میں منعقد ہوا‘ جس میں عازمین حج بشمول خواتین کی کثیر تعداد شریک تھی۔ مولانا سید قبول پاشاہ شطاری معتمد صدر مجلس علماء دکن نے خطاب کرتے ہوئے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ مناسک حج کی ادائیگی اور زیارت روضہ نبوی ﷺ کے موقعہ پر تمام آداب‘ فرائض ‘ واجبات اور سنتوں کا اہتمام کریں‘ لغویات‘ فحش اور لڑائی جھگڑے سے گریز کریں ۔ انہوںنے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے مکہ کو معظمہ  اور مدینہ کو طیبہ بنایا‘ اور اس میں اسلام کی ساری تاریخ پنہاں ہے۔ مولانا سید قبول پاشاہ نے عازمین سے کہا کہ وہ حج کے موقعہ پر ساری امت‘ قوم اور خاندان کی فلاح و بہبود کے علاوہ انفرادی دعائیں بھی کریں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے عازمین کوسفر حج سے متعلق اہم امور ‘مرکزی حج کمیٹی اور حکومت ہند و حکومت سعودی عربیہ کی نئی ہدایات سے واقف کرواتے ہوے کہا کہ عازمین حج کے لئے منگل 9اگست کو 11:00بجے دن سے ٹیکہ اندازی کیمپ کا آغاز ہوگا‘ حج ہاؤز میں تین دن تک ٹیکہ اندازی ہوگی ۔ دونوں ریاستوں کے تمام اضلاع میں بھی ٹیکہ اندازی کا انتظام کیا جارہا ہے۔ عازمین ٹیکہ اندازی کے لئے آتے وقت حج گائیڈ ضرور ساتھ لائیں‘ کیونکہ اس میں ان کی میڈیکل ہسٹری درج ہوتی ہے اور یہ گائیڈ سفر حج میں بھی ساتھ رکھنا چاہئے۔ انہو ںنے عازمین کو سختی کے ساتھ تاکید کی کہ وہ واپسی میں اپنے ساتھ سونا ہرگز نہ لائیں ۔انہو ںنے کہا کہ عازمین کو اب تک دس ہزار روپئے ساتھ رکھنے کی اجازت تھی لیکن اس سال وہ اپنے ساتھ 25ہزار روپئے  لے جاسکتے ہیں اور ان کو پانچ ہزار ڈالر کے مماثل فارن کرنسی لے جانے کی اجازت ہوگی۔ سوٹ کیس پر لگانے کے لئے ایک ٹیاگ دیا جائے گا جس پر ان کا نام اور کور نمبر درج کیا جائے گا۔ عازمین کو اپنے ساتھ 22کلو کے دو سوٹ کیس جملہ 44کلو  وزن اور دس کلو کا ہینڈ کیری لے جانے کی اجازت ہے۔ سم کارڈ سعودی عرب میںہی دیا جائے گا اور منیٰ میں ٹرین کے لئے ہندوستان کے 35ہزار عازمین کو ٹوکن دیا جائے گا۔ عازمین منیٰ میں اپنے کھانے کا خود انتظام کرلیں ۔ مولانا خواجہ شریف شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ نے  فضایل و مناسک حج و عمرہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ  حج مقبول سے تمام گناہ جھڑ جاتے ہیں۔ عازمین کرام یہ کوشش کریں کہ حج سے واپسی کے بعد ان کی زندگی میں تبدیلی آئے اور دوسروں کے لئے مثال بنیں۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ صدر امارت ملت اسلامیہ نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ حرم شریف میں موبائیل فون پر سیلفی ‘ واٹس ایپ وغیرہ کا استعمال نہ کریں ۔انہوںنے حضرت اسماعیل کی قربانی کے واقعہ کی تفصیلات بھی بیان کیں اور کہا کہ مسلمان اللہ پر اپنا ایمان مضبوط کریں۔مفتی عبدالواحد نے حج کے پانچ دنوں کی تفصیلات بیان کیں اور کہا کہ احرام کی پابندیوں کی خلاف ورزی نہ ہو‘ یہ حج مبرور کی علامت ہے۔ کعبہ پر پہلی نظر پڑتے ہی جو دعا کریں وہ قبول ہوتی ہے‘  عرفات میں زیادہ سے زیادہ دعائیں کرتے رہیں‘ وقوف عرفات حج کا اہم  ترین رکن ہے ۔ مولانا احسن الحمومی جواد خطیب شاہی مسجد باغ عامہ نے کہا کہ فرشتے مدینہ منورہ کی حفاظت کرتے ہیں اور جس کا دل صاف نہ ہو اس کو اس مقدس شہر میں داخل ہونے نہیں دیتے۔ شیطان اس کوشش میں رہتاہے کہ حجاج کرام کا حج اکارت کروادے اور وہ دل میں طرح طرح کے وسوسے ڈالتا ہے۔ مدینہ منورہ بے حد ادب و احترام کا مقام ہے۔

TOPPOPULARRECENT