Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کو مکہ مکرمہ میں رباط کی سہولت ، ڈپٹی چیف منسٹر کی مساعی

عازمین حج کو مکہ مکرمہ میں رباط کی سہولت ، ڈپٹی چیف منسٹر کی مساعی

جناب محمد محمود علی کا آئندہ ماہ دور سعودی عرب ، سعودی حکام اور ناظر رباط سے ملاقات کا منصوبہ
حیدرآباد۔7اپریل ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے عازمین حج کیلئے مکہ مکرمہ میں رباط کی سہولتوں میں اضافہ کو یقینی بنانے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی آئندہ ماہ  سعودی عرب کا دورہ کریں گے ۔ وہ سعودی حکام اور ناظررباط سے ملاقات کرتے ہوئے حج 2016ء کیلئے زائد عازمین کو رباط میں قیام کی سہولت فراہم کرنے سفارش کریں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ گذشتہ سال رباط میں 600 عازمین کیلئے مفت قیام اور طعام کی سہولت فراہم کی گئی تھی ‘ وہ چاہتے ہیں کہ جاریہ سال 1000عازمین کیلئے یہ سہولت حاصل رہے ۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے تلنگانہ حکومت کی خواہش پر موجودہ رباط کی عمارت کے علاوہ دو علحدہ عمارتیں کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے 600عازمین کا انتظام کیا تھا ۔ رباط کی موجودہ عمارت کی گنجائش 230 افراد پر مشتمل ہے لہذا نہ صرف مزید دو عمارتیں کرایہ پر حاصل کی گئیں بلکہ تمام عازمین کیلئے واپسی تک مفت طعام اور دیگر سہولتیں فراہم کی گئی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ناظر رباط کے انتظامات اور اُن کے جذبہ خدمت کی ستائش کی اور کہا کہ آئندہ ماہ ناظر رباط سے ملاقات کے دوران وہ ایک ہزار عازمین کے انتظامات کی خواہش کریں گے ۔ رباط میں قیام کی صورت میں عازمین حج کو بھاری رقم کی بچت ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رباط کے انتظامات کے علاوہ وہ سعودی حکام سے مکہ مکرمہ میں منہدم کی گئی رباط کی عمارتوں کے معاوضہ کے بجائے عمارتیں فراہم کرنے کی نمائندگی کریں گے ۔ منہدم کردہ عمارتوں کا معاوضہ حکومت کے پاس موجود ہے ‘ لیکن تلنگانہ حکومت تمام عازمین کو رباط کی سہولت فراہم کرنے کے حق میں ہے لہذا معاوضہ کی رقم کے بجائے اراضی یا عمارت حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ محمود علی نے کہا کہ حج کمیٹی سے روانہ ہونے والے عازمین حج کی اکثریت متوسط طبقات سے ہوتی ہے لہذا اس بات کی سہولت سے انہیں رقم کی بچت ہوگی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی سعودی حکام کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا مکتوب بھی حوالے کریں گے ۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ جاریہ سال حج میں 1000عازمین کیلئے قیام کی سہولت فراہم ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت عازمین حج کیلئے بہتر سے بہتر خدمات فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے اور حیدرآباد میں حج کیمپ میں تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ حج کیمپ اور شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حج ٹرمنل میں گذشتہ سال سے بہتر انتظامات کی کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حج کمیٹی جاریہ سال تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش کے عازمین کی روانگی اور واپسی کے انتظامات کرے گی ۔ محمود علی نے کہا کہ آندھراپردیش کے عازمین کی خدمت تلنگانہ حکومت اپنے لئے باعث افتخار سمجھتی ہے ۔ ریاست کی تقسیم سے قبل آندھراپردیش کے عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوتے رہے لیکن تقسیم کے بعد آندھراپردیش میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ تعمیر نہیں کیا گیا لہذا آندھراپردیش کے عازمین حیدرآباد سے ہی سفر حج پر روانہ ہوں گے ۔

TOPPOPULARRECENT