Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کی روانگی کے انتظامات کو بہتر اور یقینی بنانے کا عزم

عازمین حج کی روانگی کے انتظامات کو بہتر اور یقینی بنانے کا عزم

سکریٹری اقلیتی بہبود شریمتی جی ڈی ارونا کا دورہ حج ہاوز ، انتظامات کا جائزہ ، عہدیداروں سے بات چیت
حیدرآباد۔/28اگسٹ، ( سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود شریمتی جی ڈی ارونا نے آج حج ہاوز نامپلی پہنچ کر حج کیمپ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جلد از جلد کیمپ کی تیاری کا کام مکمل کرلیا جائے تاکہ 31 اگسٹ سے رپورٹ کرنے والے عازمین کو قیام کے سلسلہ میں کوئی دشواری نہ ہو۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بہتر سے بہتر انتظامات کے حق میں ہے اور انہیں امید ہے کہ جاریہ سال کم وقت میں عازمین حج کی روانگی کے پروگرام کے باوجود بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ جی ڈی ارونا نے حج کیمپ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور حج کمیٹی کے اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور سے معلومات حاصل کی۔ انہوں نے عازمین کی رپورٹنگ، لگیج، کسٹمس، ایمیگریشن سے لے کر روانگی تک کے تمام مراحل کا جائزہ لیا۔ سکریٹری نے حج ہاوز سے متصل زیر تعمیر کامپلکس میں رہائش کے انتظامات کا معائنہ کیا اور بارش کے امکانات کے پیش نظر تمام احتیاطی اقدامات کی ہدایت دی۔ انہیں عازمین حج کیلئے پکوان اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے واقف کرایا گیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جاریہ سال انتظامات میں تبدیلی کے باوجود عازمین کو کوئی دشواری نہیں ہوگی۔ پہلی مرتبہ حج ہاوز کے سیلر کو عازمین حج کی روانگی کیلئے استعمال میں نہیں لایا جارہا ہے۔ حج ہاوز سے متصل کھلی اراضی پر عازمین کی روانگی اور دیگر سرکاری اُمور کی تکمیل کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر اور اہم شخصیتیں اسی علاقہ سے عازمین حج کے قافلوں کو وداع کریں گے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ کسی بھی ضرورت کے سلسلہ میں ان سے رجوع ہوں۔ حج کمیٹی کے عہدیداروں کی تجویز پر سکریٹری نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور آر ٹی سی کے حکام سے بات چیت کی اور انتظامات کی جانب توجہ دلائی۔ شریمتی جی ڈی ارونا کل 29اگسٹ کو شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر حج ٹرمنل کا معائنہ کریں گی۔ حج کیمپ کے دورہ کے موقع پر ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ایم جے اکبر کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT