Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کی روانگی کے لیے ایرانڈیا کی خدمات

عازمین حج کی روانگی کے لیے ایرانڈیا کی خدمات

یومیہ دو فلائٹس کی تجویز ، خدمات میں مزید بہتری کا تیقن
حیدرآباد۔ 8۔ جون  ( سیاست نیوز) ایر انڈیا کے حکام نے حج 2016 ء کیلئے تلنگانہ عازمین حج کی بہتر خدمت انجام دینے کا تیقن دیا ہے ۔ حج کمیٹی کے اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور سے آج ایر انڈیا کے عہدیداروں نے ملاقات کی اور عازمین حج کی روانگی کے انتظامات پر بات چیت کی ۔ اسٹیشن مینجر ڈی رام بابو ، اسسٹنٹ مینجرس رگھوناتھ اور ایم کشور کے علاوہ مینجر آئی ٹی محمد معز نے حج کمیٹی کو تیقن دیا کہ گزشتہ سال کی طرح جاریہ سال بھی عازمین حج کیلئے موثر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے انتظامات سے حجاج کرام کافی خوش تھے اور اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ جاریہ سال مزید بہتر انتظامات ہوں ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے ایر انڈیا حکام سے خواہش کی کہ روزانہ کم از کم دو فلائیٹس  چلائی جائیں تاکہ حج کمیٹی کو انتظامات میں سہولت ہو ۔ دو سے زائد فلائیٹس کی صورت میں دشواری ہوسکتی ہے۔ ایر انڈیا کے عہدیداروں نے اس معاملہ کو ممبئی ہیڈ آفس سے رجوع کرنے کا تیقن دیا ۔ انہوں نے فلائیٹس کے اوقات میں کھانے کا وقت آنے پر اپنی جانب سے غذا فراہم کرنے سے بھی اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال سے تلنگانہ اور آندھراپردیش عازمین حج ایر انڈیا کی فلائیٹ سے روانہ ہورہے ہیں۔ دونوں ریاستوں کے عازمین حج دوسرے مرحلہ میں سعودی عرب روانہ ہوں گے ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 4 اگست سے ہندوستانی عازمین حج کی روانگی کا آغاز ہوگا اور توقع ہے کہ اگست کے دوسرے ہفتہ میں دوسرے مرحلہ کا آغاز ہوسکتا ہے جس میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین شامل رہیں گے۔ دونوں ریاستوں کے عازمین احرام کی حالت میں مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے ۔ جاریہ سال مکہ مکرمہ میں قیام کیلئے فی عازم 47,700 روپئے مقرر کئے گئے ہیں۔ رباط میں قیام کرنے والے عازمین کو یہ رقم واپس کردی جائے گی ۔ جاریہ سال گرین زمرہ میں 7700 اور عزیزیہ زمرہ میں 550 روپئے زائد ادا کرنے ہوں گے ۔

TOPPOPULARRECENT