Monday , March 27 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کی مسلم آبادی کے تناسب سے قرعہ اندازی

عازمین حج کی مسلم آبادی کے تناسب سے قرعہ اندازی

حیدرآباد کے لیے سب سے زیادہ 127 نشستیں اور جنگاؤں کے لیے سب سے کم ایک نشست الاٹ
حیدرآباد۔/18مارچ، ( سیاست نیوز) حج 2017کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کے 330 عازمین حج کے انتخاب کیلئے آج قرعہ اندازی کی گئی۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو 3367 نشستوں کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا جن میں سے 3037 نشستیں 2 محفوظ زمرہ جات کے تحت قرعہ اندازی کے بغیر ہی منتخب قرار دی گئی ہیں لہذا عام زمرہ کی باقی 330 نشستوں کیلئے آج قرعہ اندازی کی گئی۔ مسلم آبادی کے اعتبار سے تلنگانہ کے ہر ضلع کو کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا اور سب سے زیادہ 127نشستیں حیدرآباد کے حصہ میں آئیں جبکہ حیدرآباد میں درخواستوں کی تعداد 11722 ہے۔ حج ہاوز نامپلی میں منعقدہ تقریب میں حکومت کے مشیر برائے اقلیتی بہبود اے کے خاں نے بٹن دباکر قرعہ اندازی کا آغاز کیا۔ سنٹرل حج کمیٹی ممبئی سے آن لائن کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کی گئی۔ اس موقع پر سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور موجود تھے۔ الیکشن کمیشن نے ٹیچرس زمرہ کی ایم ایل سی نشست کے انتخابات کے سلسلہ میں ضابطہ اخلاق کے پیش نظر سیاسی قائدین کو مدعو کرنے سے منع کردیا تھا۔ حج کمیٹی کو جملہ 20601 درخواستیں وصول ہوئیں جن میں عام زمرہ کے تحت 17567 درخواستیں شامل ہیں۔ 70 سال اور اس سے زائد کے محفوظ زمرہ A کے تحت 743 اور مسلسل چوتھی مرتبہ درخواستیں داخل کرنے سے متعلق محفوظ زمرہ B کے تحت 2294 درخواستیں موصول ہوئیں اور ان تمام درخواستوں کو قرعہ اندازی کے بغیر ہی منتخب قرار دیا گیا ہے۔ عام زمرہ کی 330 نشستوں کو 31 اضلاع میں مسلم آبادی کے اعتبار سے تقسیم کیا گیا لہذا حیدرآباد کے علاوہ دیگر تمام اضلاع کو انتہائی کم نشستیں الاٹ ہوئیں۔ جنگاؤں ضلع کو صرف ایک نشست الاٹ ہوئی ہے۔ مشیر اقلیتی بہبود اے کے خاں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سعودی عرب نے ہندوستان کیلئے ایک لاکھ 25 ہزار کا کوٹہ سنٹرل حج کمیٹی کو الاٹ کیا جبکہ خانگی ٹور آپریٹرس کو 47000 نشستیں الاٹ کی گئیں۔ اس طرح ہندوستان کا جملہ کوٹہ 1.72 لاکھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جاریہ سال حج کوٹہ میں اضافہ کی کوشش کی لیکن ہر ریاست میں درخواستوں کی تعداد میں اضافہ کے سبب ممکن نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ جس قدر اضافہ کی توقع کی جارہی تھی اتنا اضافہ نہیں ہوپایا ہے۔ اے کے خاں نے کہا کہ عوام کو خانگی ٹورآپریٹرس سے حج کو روانگی کے سلسلہ میں مکمل چوکسی اختیار کرنی چاہیئے کیونکہ ہر سال 50 تا 100 درخواستیں خانگی ٹور آپریٹرس کے خلاف پولیس کو ملتی ہیں جن میں دھوکہ دہی کی شکایت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹور آپریٹر کے انتخاب سے قبل اسے حج کوٹہ الاٹمنٹ کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرلینی چاہیئے۔ اس کے علاوہ ٹور آپریٹرس کا گذشتہ کا ریکارڈ بھی دیکھا جائے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے کہا کہ جب سے حیدرآباد میں حج کیمپ کا آغاز ہوا انہیں کسی نہ کسی حیثیت سے عازمین کی خدمت کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کی طرح جاریہ سال بھی عازمین کیلئے موثر انتظامات کئے جائیں گے۔ عمر جلیل نے کہا کہ جن افراد کے نام قرعہ اندازی میں نہیں آئے انہیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ انتخاب منجانب اللہ تعالی ہوتا ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی ایس اے شکور نے خیرمقدم کیا اور حج 2017 کی تفصیلات بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ منتخب عازمین کو 5 اپریل تک 81ہزار روپئے کی پہلی قسط حج کمیٹی کے اکاؤنٹ میں جمع کردینی چاہیئے۔ اس کے علاوہ 13 اپریل تک پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات معہ میڈیکل سرٹیفکیٹ ریاستی حج کمیٹی میں جمع کئے جائیں۔ قرعہ اندازی کے موقع پر عازمین حج کی کثیر تعداد موجود تھی۔ کم نشستوں کے باعث قرعہ اندازی کا یہ مرحلہ کم وقت میں مکمل کرلیا گیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اے کے خاں نے کہا کہ ہر سال 10تا 15 فیصد افراد لمحہ آخر میں اپنا سفر منسوخ کرتے ہیں لہذا 300 تا 350 نئے عازمین کو موقع مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں سے بچ جانے والے کوٹہ سے تلنگانہ کو کچھ حصہ ضرور ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حج کی ادائیگی کے جذبہ میں اضافہ کے باعث آنے والے برسوں میں محفوظ نشستوں میں بھی قرعہ اندازی کا امکان ہے۔ ( قرعہ اندازی میں منتخب خوش نصیب عازمین حج کی فہرست صفحہ 5 پر ) ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT