Tuesday , October 24 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کی وداعی کے لیے جھنڈی دکھانے چیف منسٹر کے پروگرام کو قطعیت

عازمین حج کی وداعی کے لیے جھنڈی دکھانے چیف منسٹر کے پروگرام کو قطعیت

سنٹرل حج کمیٹی سے ویٹنگ لسٹ کے مزید 86 عازمین کا انتخاب ، مصارف حج جمع کروانے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ عازمین حج کے قافلہ کو 15 اگست کی شام وداع کریں گے۔ عازمین حج کے قافلوںکی روانگی کا آغاز اگرچہ 13 اگست کی رات سے ہوگا ، تاہم توقع ہے کہ چیف منسٹر 15 اگست کی شام کے قافلہ کو حج ہاؤز سے جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے۔ چیف منسٹر کے دفتر کی جانب سے پروگرام کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی 13 اگست کی رات پہلے قافلہ کو حج ہاؤز سے وداع کریں گے۔ واضح رہے کہ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے حج 2017 کے عازمین حج کی روانگی کا 13 اگست کی رات سے آغاز ہوگا اور 22 اگست تک 14 قافلے سعودی ایرلائینس کی پروازوں کے ذریعہ روانہ ہوں گے۔ 13 اور 14 اگست کو روزانہ ایک قافلہ روانہ ہوگا جبکہ 15 اگست کو دو قافلے روانہ ہوں گے ۔ 10 دن کے پروگرام میں 4 دن روزانہ 2 پروازیں رہیں گی۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تمام فلائیٹس میں ضلع واری سطح پر عازمین کی تعداد کا تعین کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 13 تا 18 اگست تلنگانہ اور کرناٹک کے عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی جبکہ 19 تا 21 اگست آندھراپردیش کے عازمین روانہ ہوں گے۔ 22 اگست کو آخری پرواز میں تلنگانہ اور کرناٹک کے عازمین شامل رہیں گے۔ 50 عازمین حج کی 18 اگست کو شیڈول فلائیٹ کے ذریعہ روانگی عمل میں آئے گی ۔ یہ عازمین حج ٹرمنل کے بجائے مین ٹرمنل سے سعودی ایرلائینس کی شیڈول فلائیٹ سے پرواز کریں گے ۔ 50 عازمین میں 34 کا تعلق تلنگانہ اور 16 کا کرناٹک سے ہے۔ اسی دوران حج کیمپ کی تیاریاں تقریباً مکمل کرلی گئی ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل اور اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے انتظامات کا جائزہ لیا۔ حج کیمپ میں تمام ضروری مشینیں پہنچ چکی ہیں اور سیکوریٹی حکام 11 اگست سے حج ہاؤز کو اپنی نگرانی میں لے لیں گے۔ اسی دوران سنٹرل حج کمیٹی نے تلنگانہ سے ویٹنگ لسٹ کے تحت مزید 86 عازمین کا انتخاب کیا ہے۔ جن درخواست گزاروں کے نمبر 341 سے 425 تک ہیں ، انہیں چاہئے کہ 11 اگست تک حج مصارف کی جملہ رقم جمع کردیں اور بینک چالان کی رسید کے ہمراہ اپنے اوریجنل پاسپورٹ ، ایک کلر فوٹو گراف اور میڈیکل اسکرین اینڈ فٹنس سرٹیفکٹ حج کمیٹی کے دفتر واقع حج ہاؤز میں جمع کریں۔ عزیزیہ زمرہ کے جملہ اخراجات 2 لاکھ ایک ہزار 800 روپئے ہیں۔ اسلامک ڈیولپمنٹ کے ذریعہ قربانی کے خواہشمند افراد کو فی کس 8000 روپئے زائد ادا کرنے ہوں گے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل تین ویٹنگ لسٹ جاری کی جا چکی ہیں جس کے تحت 340 درخواست گزاروں کا انتخاب عمل میں آیا ۔

TOPPOPULARRECENT