Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کی 2تا8ستمبر سعودی عرب روانگی

عازمین حج کی 2تا8ستمبر سعودی عرب روانگی

حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست (سیاست نیوز) حج 2015 ء کیلئے سنٹرل حج کمیٹی نے عازمین حج کی روانگی کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی کی ویب سائیٹ پر عازمین حج اپنی روانگی اور واپسی کے پروگرام کی تفصیلات کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔ جاریہ سال 7 دن میں حیدرآباد سے 16 فلائیٹس روانہ ہورہی ہیں جن میں 4 دن روزانہ تین فلائیٹس روانہ ہوں گی۔ ہر فلائیٹ میں 340 افراد کی گنجائش رہے گی۔ یہ پہلا موقع ہے ، جب ایک ہفتہ میں عازمین حج کی روانگی مکمل کرلی جائے گی۔ تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش کے عازمین حج بھی حیدرآباد سے روانہ ہوں گے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے دونوں ریاستوں کیلئے روانگی اور واپسی کا شیڈول جاری کیا ہے ۔ 2 ستمبر کو پہلے دن 3 فلائیٹس روانہ ہوں گی۔ اس کے علاوہ 3 ، 5 اور 6 ستمبر کو روزانہ 3 فلائیٹس کی روانگی کا شیڈول رکھا گیا ہے۔ 4 ستمبر کو 2 جبکہ 7 اور 8 ستمبر کو ایک ایک فلائیٹ روانہ ہوگی۔ اس طرح 2 تا 8 ستمبر تمام عازمین جدہ کیلئے پرواز کریں گے۔ عازمین حج کو بحالت احرام روانہ کیا جائے گا۔ ایر انڈیا نے واپسی کا شیڈول بھی ایک ہفتہ میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 14 اکتوبر تا 20 اکتوبر تمام حجاج کرام کو مدینہ منورہ سے حیدرآباد منتقل کیا جائے گا۔ روزانہ 3 فلائیٹس کی روانگی کے سبب حج ہاؤز نامپلی میں حج کیمپ کے انتظامات اور بیک وقت تقریباً 1500 تا 2000 عازمین کے قیام کے انتظامات حج کمیٹی کے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں۔

TOPPOPULARRECENT