Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کے آخری قافلہ کی جذباتی وداعی ‘ حج کیمپ کا کامیاب اختتام

عازمین حج کے آخری قافلہ کی جذباتی وداعی ‘ حج کیمپ کا کامیاب اختتام

ریاست سے جملہ 6347 عازمین سوئے حرم روانہ ہوئے ۔ آندھرا پردیش و کرناٹک کے عازمین کی بھی خدمات ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کی جانب سے مبارکباد

حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست (سیاست نیوز) گزشتہ 10 دنوں سے عازمین حج کی خدمت میں دن رات مصروف اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج صبح آخری قافلہ کو بادیدہ نم اور جذباتی انداز میں وداع کیا۔ اس طرح تلنگانہ حج کمیٹی کے کیمپ کا اختتام عمل میں آیا اور 15 قافلوں کے ذریعہ جملہ 6347 عازمین حج سوے حرم روانہ ہوئے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش اور کرناٹک کے عازمین کیلئے بھی خدمات فراہم کی جس کی ہر گوشہ سے ستائش کی گئی۔ بارش کے باوجود عہدیداروں نے ایک بھی دن عازمین حج کو معمولی زحمت ہونے نہیں دی اور تین وقت کا کھانا اور دیگر سہولتیں اطمینان بخش طریقہ سے مہیا کی گئی۔ حج 2017 ء کے حج کیمپ کے اختتام پر ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے پروفیسر ایس اے شکور اور سید عمر جلیل کو مبارکباد پیش کی ۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے آج صبح 8 بجے 449 عازمین پر مشتمل آخری قافلہ سعودی ایرلائینس کی خصوصی پرواز سے مکہ مکرمہ روانہ ہوا۔ اس قافلہ میں تلنگانہ کے 117 ، آندھراپردیش کے 88 اور کر ناٹک 244 عازمین شامل تھے۔ حج ہاؤز نامپلی پر سینکڑوں کی تعداد میں رشتہ داروں اور دوست احباب نے تلبیہہ کی گونج میں آخری قافلہ کو وداع کیا اور آخری قافلہ کی روانگی کا منظر انتہائی متاثرکن تھا ۔ نہ صرف عہدیدار بلکہ کیمپ میں عازمین کی رہنمائی کرنے والے والینٹرس اور کیمپ کے انتظام میں مصروف 28 محکمہ جات کے عہدیدار اور ملازمین بھی اس منظر کو دیکھ کر ضبط نہ کرسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حج ہاؤز میں 10 دن تک نورانی اور روحانی ماحول رہا اور اب وہ اس ماحول سے محروم ہوچکے ہیں۔ بعض غیر مسلم عہدیداروں اور ملازمین کا کہنا تھا کہ انہیں ہر سال حج کیمپ کا انتظار رہتا ہے تاکہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت کا موقع ملے۔ اس خدمت کے باعث انہیں قلبی سکون حاصل ہوتا ہے۔ 14 اگست کو عازمین کے قافلوں کی روانگی کا آغاز ہوا تھا اور تمام عازمین حالت احرام میں سعودی عرب کیلئے روانہ ہوئے۔ 15 قافلوں کے ذریعہ تلنگانہ کے 3445 ، آندھراپردیش کے 2096 اور کرناٹک کے 4 اضلاع سے 806 عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوئے۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 816 عازمین مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی رباط میں مقیم ہیں۔ 15 قافلوں کے ذریعہ تلنگانہ کے 17 خادم الحجاج روانہ ہوئے اور وہ عازمین حج کی خیریت سے عہدیداروں کو واقف کرا رہے ہیں۔ حج کیلئے روانہ ہونے والے تلنگانہ کے 3445 عازمین میں عادل آباد سے 92 ، حیدرآباد 2165 ، کریم نگر 137 ، کھمم 40 ، محبوب نگر 198 ، میدک 141 ، نلگنڈہ 123 ، نظام آباد 246 ، رنگا ریڈی 207 اور ورنگل سے 96 عازمین شامل ہیں۔ پہلے قافلہ کو ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے وداع کیا تھا اور وہ کیمپ کے اختتام تک عہدیداروں سے ربط میں رہے اور کامیاب انعقاد کے سلسلہ میں حکومت کی سطح پر ہر ممکن مدد کی ۔ اسی دوران اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے 3044 خواتین ، 3303 مرد عازمین اور 4 کمسن بچے روانہ ہوئے ہیں ۔ گرین زمرہ سے 572 اور عزیزیہ زمرہ سے 4959 عازمین روانہ ہوئے ۔ کرناٹک کے بیدر سے 192 ، گلبرگہ 403 ، رائچور 139 اور یادگیر سے 72 عازمین روانہ ہوئے ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کیمپ کے کامیاب انعقاد پر بارگاہِ الٰہی میں سجدہ شکور بجا لایا اور تمام محکمہ جات سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے کیمپ کی کامیابی میں تعاون کیا۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، حکومت کے مشیر اے کے خاں اور سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کی مسلسل رہنمائی پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ حکومت نے کیمپ کے کامیاب انعقاد کیلئے بھرپور تعاون کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT