Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کے انتخاب کیلئے آج قرعہ اندازی

عازمین حج کے انتخاب کیلئے آج قرعہ اندازی

ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمودعلی افتتاح کریں گے ‘ پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد۔21مارچ ( پریس نوٹ ) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی کل منگل 22مارچ کو 11:30 بجے دن  حج ہاؤز نامپلی میں ریاست تلنگانہ کے عازمین کے انتخاب کیلئے قرعہ اندازی کا افتتاح انجام دیں گے ۔ اس تقریب میں ارکان پارلیمنٹ ‘ارکان کونسل و ارکان اسمبلی کے علاوہ اعلیٰ عہدیدار شرکت کریں گے ۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے بتایا کہ ریاستی حج کمیٹی نے قرعہ اندازی کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ حج 2016ء کیلئے تلنگانہ سے جملہ 17423 درخواستیں وصول ہوئی جن میں سے دو محفوظ زمروں کے تحت 2204 عازمین کا قرعہ کے بغیر راست انتخاب عمل میں آچکا ہے جبکہ تلنگانہ کا کوٹہ 2532 ہے ۔ محفوظ زمروں کے عازمین کے بعد جو نشستیں باقی رہ جاتی ہیں ان کیلئے قرعہ ہوگا اور ویٹنگ لسٹ کیلئے بھی کل ہی قرعہ اندازی عمل میں آئے گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریاست آندھراپردیش کے عازمین حج کے انتخاب کیلئے اسی دن حج ہاؤز کے احاطہ میں ہی 3:00 بجے قرعہ اندازی ہوگی ۔ وزیر اقلیتی بہبود جناب پلے رگھوناتھ قرعہ اندازی کا افتتاح کریں گے ۔ آندھراپردیش کاکوٹہ 2052 ہے اور وہاں محفوظ زمروں کے عازمین کی تعداد 193 ہے ۔ گذشتہ سال تلنگانہ سے 2969 حجاج کرام اور آندھراپردیش سے 2404 حجام کرام فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہوئے تھے ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ گذشتہ سال کے مقابلہ میں اس مرتبہ کچھ تبدیلیاں ہوئی ہیں ۔ایک تو یہ کہ عازمین حج کوحج کمیٹی کی جانب سے سوٹ کیس فراہم نہیں کئے جائیں گے ۔ گذشتہ سال ہر ایک عازم حج کو دو سوٹ کیس مرکزی حج کمیٹی فراہم کررہی تھی جس کیلئے 5100 روپئے کی رقم وصول کی جارہی تھی ۔ دوسرے یہ کہ اس سال قربانی حج کمیٹی کے توسط سے کروانے کی شرط برخواست کردی گئی ہے اور حجاج کرام اپنی مرضی اور اپنی سہولت کے مطابق قربانی کا انتظام کرسکتے ہیں ۔ ایک اور بات یہ ہے کہ مدینہ منورہ میں طعام کا انتظام بھی حج کمیٹی کی جانب سے نہیں کیا جائے گا بلکہ حجاج کرام کو خود ہی اپنا انتظام کرلینا ہوگا ۔

TOPPOPULARRECENT