Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کے انفرادی فلائیٹس شیڈول کی تاریخ میں تبدیلی ممکن نہیں

عازمین حج کے انفرادی فلائیٹس شیڈول کی تاریخ میں تبدیلی ممکن نہیں

آخری تربیتی اجتماع سے پروفیسر ایس اے شکو ر اور علمائے کرام کا خطاب
حیدرآباد 14  اگست  ( پریس نوٹ ) تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام آج منتخب عازمین حج کے لئے تربیتی اجتماع محبوب فنکشن ہال‘ مصری گنج میں منعقد ہ ہوا۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے عازمین حج کو مفید مشورے دیتے ہوئے کہا کہ جن عازمین کا رباط کے لئے انتخاب عمل میں آیا ہے وہ جلد سے جلد نظامس وقف کمیٹی کے دفتر میں درخواست داخل کریں‘ مرکزی حج کمیٹی سے مزید 69 عازمین کا انتخاب عمل میں آیا ہے  وہ بھی اندرون دو یوم حج مصارف کی مکمل رقم بینک میں جمع کروادیں۔  19اگست سے حج کیمپ کا آغاز ہورہا ‘ جس کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔عازمین کے انفرادی فلائیٹ شیڈول کا اعلان کردیا گیا‘  عازمین کو جو شیڈول دیا گیا ہے اسی کے مطابق ان کی روانگی عمل میں آئے گی‘ اور اس کے مطابق عازمین کو اپنی تیاری مکمل کرلینی چاہئے‘ وہ ہر ہر مرحلہ پر صبر و تحمل اور ایثار کا مظاہرہ کرتے رہیں۔ یہ بات ذہن نشین رہے کہ فلائیٹ شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی ممکن نہیں ہے ‘ کیونکہ اس سے رہائش اور دیگر انتظامات درہم برہم ہوجاتے ہیں۔ عازمین کو اپنے ساتھ صرف 20کلو وزن کے دو سوٹ کیس رکھنا ہے جبکہ ہینڈ کیری کے طور پر وہ دس کلو تک کا بیاگ رکھ سکتے ہیں جس میں بے حد ضروری چیزیں رکھیں۔ ممنوعہ اشیا ساتھ نہ لے جائیں۔ پروفیسر ایس اے شکور  نے کہا کہ عازمین کو ان کی روانگی سے قبل 21ہزار ریال کی رقم دی جاتی ہے تاکہ اس رقم سے وہ وہاں اپنے کھانے پینے اور قربانی کا انتظام کرسکیں۔ اس کے علاوہ ان کو ہندوستانی کرنسی  میں 25ہزار روپئے کے علاوہ پانچ ہزار ڈالر کے مماثل فارن ایکسچینج  لے جانے کی اجازت ہے۔ خواتین کے حصہ میں محترمہ طیبہ آفندی رکن مرکزی حج کمیٹی اور دیگر نے بحیثیت مہمان اعزازی شرکت کی۔ مولانا محمد انوار احمد قادری نائب شیخ التفسیر جامعہ نظامیہ نے عازمین کے سوالات کے جواب دیئے ‘ مولانا سید محمد علی قادری الھاشمی ممشاد پاشاہ  نے حج کی اہمیت اور فضائیل پر خطاب کیا‘ مولانا شیخ عبدالرحمن الازہری نے حج کے پانچ دن کے موضوع پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور مناسک  حج بیان کئے ‘ مولانا سید عبدالرحمن حسن قادری ٹرینر حج کمیٹی نے سفر سے متعلق ضروری امور بیان کئے اور زیارت  روضہ نبوی ﷺ کا طریقہ بیان کیا۔  جناب عرفان علی حسامی نے احرام باندھنے کا طریقہ سمجھایا اور اس کی شرائط بیان کیں۔ جناب عرفان شریف اے ای او حج کمیٹی نے انتظامات کی نگرانی کی ۔ حافظ و قاری احمد محی الدین افتخاری کامل پاشاہ کی قرأت کلام پاک اور جناب شفیع قادری اور جناب عارف اللہ بیگ قادری اور حافظ قطب الرحمٰن افتخاری کے ہدیہ نعت سے جلسہ کا آغاز ہوا۔

TOPPOPULARRECENT