Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کے دو قافلوں کی مکہ معظمہ میں آمد

عازمین حج کے دو قافلوں کی مکہ معظمہ میں آمد

اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے دوسرے قافلہ کو جھنڈی دکھا کرحج ہاؤز سے وداع کیا
حیدرآباد 14 اگست ( پریس نوٹ ) ریاست تلنگانہ کے 900 عازمین پر مشتمل دو قافلے جو حیدرآباد سے جدہ کے لئے روانہ ہوئے تھے وہ بحفاظت تمام براہ جدہ مکہ معظمہ پہنچ گئے۔ حج کیمپ2017سے آج صبح کی اولین ساعتوں میں عازمین حج کے دوسرے قافلہ کی روانگی عمل میں آئی ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حج ہاؤز میں تلبیہ کی گونج میں دوسرے قافلہ کی پہلی بس کو جھنڈی دکھا کر وداع کیا۔ بعد ازاں وہ ایر پورٹ پہنچے اور انہوں نے عازمین کی روانگی کے انتظامات کی نگرانی کی۔ حج ہاؤز میں عازمین کے عزیز و اقارب کی کثیر تعداد نے ان کو بادیدہ نم وداع کیا اور ان کے خوشگوار سفر اور بحفاظت روانگی اور واپسی کی دعائیں کیں۔ اس دوران تاحال جو دو قافلے حیدرآباد سے جدہ روانہ ہوئے تھے وہ خیریت کے ساتھ مکہ معظمہ پہنچ گئے اور عازمین کو ان کی متعلقہ رہائش گاہوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ پہلی فلائیٹ کے عازمین حرم شریف کو روانگی اور عمرہ کی ادائیگی کی تیاریاں کررہے ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے خادم الحجاج سے کیفیت دریافت کی۔ اب تک دو فلائیٹس کے ذریعہ جملہ 900حجاج کرام مکہ معظمہ پہنچے ہیں‘ ان میں چار خادم الحجاج بھی شامل ہیں۔ ان عازمین میںسے 41کا تعلق ضلع عادل آباد سے‘ 265کا تعلق حیدرآباد سے ‘ 81کا تعلق ضلع کریم نگر سے‘ 96کا تعلق ضلع محبوب نگر سے ‘ 76کا تعلق ضلع میدک سے 131کا تعلق ضلع نظام آباد سے‘ 83کا تعلق ضلع رنگا ریڈی سے اور 7کا تعلق ضلع ورنگل سے ہے۔ آج کے دوسرے قافلہ کی روانگی کے موقعہ پر مولانا شاہ جمال الرحمٰن مفتاحی نے دعا کی اور عازمین کو سفر حج پر روانگی سے قبل مفید مشورے دیئے۔ 15اگست کو دو قافلوں کی روانگی مقرر ہے۔ پہلا قافلہ صبح 6:25 کو اور دوسرا قافلہ رات9.55کو حج ٹرمنل سے جدہ کے لئے پرواز کرے گا۔ ہر قافلہ میں450 عازمین شامل رہیں گے اور ہر قافلہ کے ساتھ دو خادم الحجاج کو روانہ کیا جارہا ہے۔ حج کیمپ کے لئے تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے پروفیسر ایس اے شکور کی انتہائی بڑے پیمانہ پر انتظامات کئے ہیں۔ حج کیمپ میں محکمہ پولیس کی جانب سے بڑے پیمانہ پر سکیوریٹی بندوبست کیا گیا ہے۔ حج ہاؤز میں داخلہ صرف عازمین حج کے لئے رہے گا۔ عازمین کے عزیز و اقارب سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ حج کیمپ کے اندر آنے کی زحمت گوارا نہ کریں ۔ حج کیمپ میں عازمین کے لئے ہی امیگریشن‘ کسٹمس‘ لگیج چیک وغیرہ کا انتظام کیا گیا ‘ اور یہیں ہر ان کو 2100ریال کی فارن کرنسی حج کمیٹی کی جانب سے ادا کی جا رہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT