Tuesday , May 30 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کے رباط میں قیام پر حکومت اور نظام ٹرسٹ کے درمیان اجلاس

عازمین حج کے رباط میں قیام پر حکومت اور نظام ٹرسٹ کے درمیان اجلاس

عزیزیہ زمرہ کے عازمین کے لیے 10 مئی کو قرعہ اندازی ،رائل فیملی کی نشستیں محفوظ
حیدرآباد۔ 4 مئی (سیاست نیوز)حج 2017ء کے عزیزیہ زمرے کے عازمین کو رباط میں قیام کی سہولت کی فراہمی کے سلسلہ میں تلنگانہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کا نظام ٹرسٹ کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے نظام ٹرسٹ کے صدرنشین نواب خیرالدین علی خاں، سکریٹری فیض احمد خاں اور ارکان سے ملاقات کرتے ہوئے 10 مئی کو مجوزہ قرعہ اندازی کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ نظام ٹرسٹ نے اس سلسلہ میں تاریخ اور مقام کے بارے میں جلد ہی حکومت کو واقف کرانے کا تیقن دیا اور قرعہ اندازی کے سلسلہ میں بعض شرائط پیش کی ہیں جس کے تحت نظام فیملی کو ان کا مقررہ کوٹہ الاٹ کرنا اور نظام ٹرسٹ کی جانب سے جاری کردہ الاٹمنٹ لیٹرس کو قبول کرنا شامل ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت کے عہدیداروں نے شرائط کے مطابق کارروائی کا تیقن دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نظام ٹرسٹ کے ارکان نے شکایت کی کہ گزشتہ سال ٹرسٹ کی جانب سے جاری کردہ الاٹمنٹ لیٹرس قبول نہیں کیئے گئے تھے جس پر حکومت کے عہدیداروں نے وضاحت کی کہ ویٹنگ لسٹ کے سیریئل کے اعتبار سے الاٹمنٹ کیا گیا تاہم اس مرتبہ اگر نظام ٹرسٹ کے الاٹمنٹ لیٹرس ویٹنگ لسٹ کے مطابق ہوں تو انہیں ضرور قبول کیا جائے گا۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے 10 مئی کو قرعہ اندازی کی تاریخ مقرر کی ہے۔ حیدرآبادی رباط میں جاریہ سال 1283 عازمین کے قیام کی تصریح حکومت سعودی عرب نے جاری کی ہے جبکہ گزشتہ سال 678 عازمین حج کو رباط میں قیام کی گنجائش فراہم کی گئی تھی۔ جاریہ سال یہ تعداد دوگنی ہوچکی ہے۔ بکوتما کے علاقے میں تین عمارتیں حاصل کی گئی ہیں۔ تلنگانہ، مہاراشٹرا اور کرناٹک کے عزیزیہ زمرے سے تعلق رکھنے والے جملہ 5251 عازمین حج میں قرعہ اندازی کے ذریعہ 1283 خوش نصیبوں کا انتخاب عمل میں آئے گا جنہیں فی کس 50 ہزار روپئے سے زائد کی بچت ہوگی۔ تلنگانہ کے 31 اضلاع میں عزیزیہ زمرے کے درخواست گزاروں کی تعداد 2596 ہے جبکہ کرناٹک کے چار اضلاع بیدر، گلبرگہ، رائے چور اور یادگیر سے 572 اور مہاراشٹرا کے 8 اضلاع اورنگ آباد، بیڑ، ہنگولی، جالنا، لاتور، ناندیڑ، عثمان آباد اور پربھنی سے عزیزیہ زمرے کی 2083 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ اس طرح سابق ریاست حیدرآباد کے 42 اضلاع کے عزیزیہ زمرے کے عازمین میں سے رباط میں قیام کے لیے قرعہ اندازی ہوگی۔ نظام ٹرسٹ کو بتایا گیا کہ تین خادم الحجاج کے لیے نشستیں محفوظ کرنی ہوگی۔ اس کے علاوہ محرم زمرے کے 20 سے زائد نشستیں محفوظ کرنی پڑیں گی۔ رائل فیملی کو 10 فیصد نشستیں الاٹ کی جائیں گی۔ گزشتہ سال 678 میں سے 10 فیصد یعنی 68 نشستیں رائل فیملی کو الاٹ کی گئی تھیں جن میں سے صرف 14 درخواستیں موصول ہوئیں اور باقی نشستیں ویٹنگ لسٹ کو الاٹ کردی گئیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT