Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کے لیے بہترین انتظامات کا عزم ، ایرانڈیا

عازمین حج کے لیے بہترین انتظامات کا عزم ، ایرانڈیا

تلنگانہ حج کمیٹی کا ایرانڈیا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس ، پروفیسر ایس اے شکور سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 13۔ جولائی (سیاست نیوز) حج 2016 ء کے انتظامات کے سلسلہ میں آج ایر انڈیا عہدیداروں کے ساتھ تلنگانہ حج کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ایر انڈیا کے حکام نے تیقن دیا کہ عازمین حج کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں گے اور روانگی و واپسی کے موقع پر کوئی شکایت کا موقع نہیں رہے گا۔ عہدیداروں نے تمام فلائیٹس کو مقررہ وقت پر چلانے کا تیقن دیا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے ایر انڈیا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں مختلف امور کا جائزہ لیا۔ اس اجلاس میں ڈی مرلی اڈوائزر ، اے رام بابو اسٹیشن مینجر ، رنجن کمار دتہ  سینئر اے جی ایم ، بی اے کشور کمار اے جی ایم حیدرآباد ، آر یو شاہ مینجر سیکوریٹی ، ایس پی نائر ، اے کرشنا موہن ، اومیش نائینی ، جی سریا نارائن ، ٹی رگھو بابو اور ایم اے معز شریک تھے۔ ایر انڈیا کے حکام نے حج امبارگیشن پوائنٹ کیلئے کئے جانے والے انتظامات سے واقف کرایا اور بتایا کہ حج آپریشن کو کمرشیل نقطہ نظر سے نہیں دیکھا جاتا بلکہ مذہبی فریضہ کی ادائیگی اور خدمت کے جذبہ سے کام کیا جاتا ہے۔ ایر انڈیا ملک میں 11 مقامات سے عازمین حج کی روانگی سے انتظامات کر رہا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ جاریہ سال حج کیمپ کا آغاز 21 اگست سے ہوگا اور حیدرآباد سے جملہ 15 پروازیں ہوں گی۔ ویٹنگ لسٹ کے تحت عازمین کی تعداد میں اضافہ کی صورتحال میں زائد فلائیٹ کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے فلائیٹس کے وقت عازمین حج کو ناشتہ اور فروٹ جوس فراہم کرنے کی تجویز پیش کی۔ لنچ اور ڈنر کے موقع پر کھانا سربراہ کیا جائے۔ ایر انڈیا کے حکام نے واضح کیا کہ سیکوریٹی ہدایات کے مطابق ہینڈ کیری کے طور پر صرف 10 کیلو وزن کی اجازت رہے گی۔  اس کے علاوہ سوٹ کیس میں 45 کیلو سے زائد کی اجازت نہیں رہے گی۔ عازمین کو اسٹانڈرڈ سائز کے سوٹ کیس لیجانے ہوں گے۔ دیگر بیاگیج ، کارٹون وغیرہ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ عازمین کی روانگی کا انتظام حج ہاؤز کے سیلر سے کیا جائے گا اور کھلی اراضی پر رہائشی انتظامات ہوں گے ۔ تلنگانہ ، آندھراپردیش کے علاوہ کرناٹک کے بعض عازمین کی حیدرآباد سے روانگی ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT