Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کے مزید تین قافلوں بشمول آندھرا پردیش کا قافلہ مکہ مکرمہ روانہ

عازمین حج کے مزید تین قافلوں بشمول آندھرا پردیش کا قافلہ مکہ مکرمہ روانہ

وزیر آئی ٹی اے پی ڈاکٹر پلے رگھوناتھ ریڈی نے جھنڈی دکھائی ، حج کیمپ میں انتظامات پر اطمینان کا اظہار
حیدرآباد ۔ 24 ۔اگست (سیاست نیوز) عازمین حج کے تین قافلے آج حج بیت اللہ کیلئے مکہ مکرمہ روانہ ہوئے۔ اس طرح حج کیمپ نامپلی سے ابھی تک جملہ 8 قافلوں کے ذریعہ 2718 عازمین حج سعودی عرب روانہ ہوچکے ہیں۔ آج کے ابتدائی دو قافلے تلنگانہ عازمین حج کے تھے جبکہ شام میں تیسرا قافلہ آندھراپردیش کے عازمین کا تھا۔ اس طرح آج شام سے آندھراپردیش کے عازمین کی روانگی کا آغاز ہوچکا ہے۔ آج صبح کے دو قافلوں کو اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے وداع کیا جبکہ مفتی تجمل حسین اور مولانا خواجہ شریف شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ نے فضائل حج بیان کئے۔ شام میں آندھراپردیش کے پہلے قافلہ کو وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی آندھراپردیش ڈاکٹر پلے رگھوناتھ ریڈی نے جھنڈی دکھائی ۔ ان کے ہمراہ رکن قانون ساز کونسل احمد شریف اور رکن قانون ساز اسمبلی چاند باشاہ کے علاوہ آندھراپردیش حج کمیٹی کے صدرنشین مومن حسین اور اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور موجود تھے۔ آندھراپردیش کے 340 عازمین حج کا پہلا قافلہ شام 5 بجے آر ٹی سی کی خصوصی بسوں سے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ روانہ ہوا جہاں سے رات 9.30 بجے ایر انڈیا کے خصوصی طیارہ نے اڑان بھری۔ پہلے قافلہ میں ضلع کرنول کے عازمین حج شامل ہیں۔ ڈاکٹر پی رگھوناتھ ریڈی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ ملک اور بالخصوص آندھراپردیش ریاست کی ترقی کیلئے خصوصی دعا کرے۔ انہوں نے کہا کہ حج کا سفر انتہائی مقدس ہوتا ہے اور فریضہ حج کی ادائیگی گناہوں سے معافی کی خوشخبری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش حکومت اقلیتوں کی ترقی میں سنجیدہ ہے اور اس نے کئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا۔ کرنول اور وجئے واڑہ میں دو حج ہاؤز تعمیر کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے شروع کی گئی دلہن اسکیم کے تحت 50,000 روپئے کی امداد دی جارہی ہے۔ رگھوناتھ ریڈی نے کہا کہ آندھراپردیش میں ائمہ اور مؤذنین کے لئے ماہانہ اعزازیہ جاری کیا جاتا ہے۔ حکومت نے حج سرگرمیوں کیلئے 30 کروڑ روپئے کا بجٹ مختص کیا ہے۔ رکن قانون سام کونسل احمد شریف نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ سعودی عرب میں قیام کے دوران اپنا زیادہ تر وقت عبادتوں میں صرف کریں۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش حج کمیٹی نے انتظامات کے سلسلہ میں تلنگانہ کمیٹی سے معاہدہ کیا ہے اور حج کیمپ میں انتظامات اطمینان بخش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر آئندہ سال مزید بہتر انتظامات کئے جائیں گے۔ ریاست کی تقسیم کے بعد یہ تیسرا کیمپ ہے، جہاں سے آندھراپردیش کے عازمین حج روانہ ہورہے ہیں۔ اگزیکیٹیو آفیسر آندھراپردیش حج کمیٹی محمد لیاقت علی نے خیرمقدم کیا جبکہ مولانا احمد عبدالرحمن اطہر نے فضائل حج بیان کئے۔ عازمین حج احرام کی حالت میں حج ہاؤز سے تلبیہہ کی گونج میں روانہ ہوئے۔ قافلوں کی روانگی کے بعد پروفیسر ایس اے شکور نے ایرپورٹ پہنچ کر ہر فلائیٹ کی روانگی تک موجود رہتے ہوئے عازمین حج کیلئے انتظامات اور سہولتوں کی نگرانی کی۔ کل 25 اگست کو دو قافلے روانہ ہوں گے ۔ پہلا قافلہ صبح 9.10 بجے اور دوسرا قافلہ دوپہر 2.10 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے پرواز کرے گا۔

حج ہاوز میں
یونانی میڈیکل کیمپ کا افتتاح
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اگست : ( راست ) : حج ہاوز میں یونانی میڈیکل کیمپ کا افتتاح بدست ڈاکٹر میر یوسف علی ایڈیشنل ڈائرکٹر یونانی ڈپارٹمنٹ آف آیوش تلنگانہ عمل میں آیا ۔ اس کیمپ میں روزانہ عازمین حج اور ان کے لواحقین کو ادویات دی جارہی ہے ۔ اس موقع پر کیمپ کے ڈاکٹر امتہ الحسیب حمیرہ ، ڈاکٹر احمد شفیع الدین اور ڈاکٹر محمد اسمعیل ، ڈاکٹر نکہت افشاں ، سید مظفر احمد کمپونڈر اور محمد عبدالقادر ، محمد یونس علی ، محمد معین بیگ موجودتھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT