Sunday , September 24 2017
Home / Top Stories / عازمین حج کے مزید دو قافلے سعودی عرب روانہ

عازمین حج کے مزید دو قافلے سعودی عرب روانہ

عبادات اور دعاؤں کی تلقین14 ویں قافلے کی آج اور آخری قافلے کی کل روانگی
حیدرآباد۔/26اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین کی روانگی کا سلسلہ اختتامی مرحلہ میں داخل ہوچکا ہے۔ اس طرح حج کیمپ 2016 کے اختتام کیلئے صرف دو قافلوں کی روانگی باقی ہے۔ آج 3 قافلوں میں 1020 عازمین حج سعودی عرب کیلئے روانہ ہوئے۔ پہلے دو قافلے صبح کی ابتدائی ساعتوں میں حج ہاوز سے شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ کیلئے روانہ ہوئے جنہیں اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور صدرنشین آندھرا پردیش حج کمیٹی مومن حسین نے وداع کیا۔ آج کے قافلوں میں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے علاوہ کرناٹک کے 4 اضلاع کے عازمین شامل تھے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے مابقی عازمین بھی آج سعودی عرب کیلئے روانہ ہوگئے۔ اب تک حج کیمپ سے جملہ 13 قافلے ایر انڈیا کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔ حج ہاوز اور شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل میں عازمین حج کیلئے بہتر انتظامات کئے گئے تھے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج حج ہاوز کا دورہ کرتے ہوئے تیسرے قافلہ کی روانگی کے انتظامات کی نگرانی کی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ آخری قافلہ کی روانگی تک انتظامات کے سلسلہ میں چوکسی برقرار رکھیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ خادم الحجاج کے ذریعہ مکہ مکرمہ میں عازمین حج کے مسائل سے واقفیت حاصل کریں۔ آج شام 5 بجے 13ویں قافلہ کو حج کیمپ سے روانہ کیا گیا۔ شمس آباد ایر پورٹ سے رات 9 بجکر 20منٹ پر اس قافلہ نے پرواز کی۔ 27اور 28اگسٹ کو ایک، ایک فلائیٹ روانہ ہوگی اور آج 28اگسٹ کے عازمین نے بھی اپنی بکنگ مکمل کرلی ہے۔ 27اگسٹ کو دوپہر 2 بجکر 20منٹ پر 14واں قافلہ ایر پورٹ سے پرواز کرے گا اور اس قافلہ کے عازمین کو 10:30 بجے صبح حج ہاوز سے روانہ کیا جائے گا۔ 28اگسٹ کو آخری قافلہ میں 120 عازمین موجود رہیں گے اور یہ فلائیٹ علی الصبح 5 بجکر 50 منٹ پر مقرر تھی تاہم پروگرام میں تبدیلی کے بعد اب یہ تقریباً ایک گھنٹہ قبل 4 بجکر 45 منٹ پر روانہ ہوگی۔ چونکہ اس طیارہ میں نشستوں کی گنجائش مزید باقی رہے گی لہذا توقع ہے کہ ممبئی یا کسی اور شہر سے بھی عازمین کو اس طیارہ میں شامل کیا جائے گا۔ مولانا قاضی اعظم علی صوفی صدر کل ہند جمعیتہ المشائخ نے عازمین حج سے خطاب کیا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ وقت غیر ضروری لغویات میں ضائع کئے بغیر عبادتوں میں صرف کریں۔ صدرنشین آندھرا پردیش حج کمیٹی مومن احمد حسین نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی۔ رکن قانون ساز کونسل احمد شریف نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت آئندہ سال سے عازمین حج کی وجئے واڑہ سے روانگی کے انتظامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے عازمین کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی نے بہتر خدمات فراہم کی ہیں۔ احمد شریف نے حج کیمپ کے کامیاب انعقاد پر اسپیشل آفیسر ایس اے شکور اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی بھی روزانہ حج کیمپ کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلات حاصل کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT