Friday , July 28 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کے ٹیکہ اندازی کیمپ کا آج آغاز

عازمین حج کے ٹیکہ اندازی کیمپ کا آج آغاز

مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کی شرکت ، سنٹرل حج کمیٹی چیف ایکزیکٹیو آفیسر شہباز علی کا بیان
حیدرآباد۔7جولائی (سیاست نیوز) مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی کل 8 جولائی بعد نماز ظہر حج ہائوز نامپلی میں عازمین حج کے ٹیکہ اندازی کیمپ کا آغاز کریں گے۔ سنٹرل حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد شہباز علی نے آج اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور سے ملاقات کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کو سہولتوں کی ستائش کی ۔ کیمپ میں 800 عازمین حج کے استفادے کی سہولت ہے اور عازمین کو اسکی اطلاع کردی گئی۔ پروفیسر شکور نے بتایا کہ تقریب میں مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، ریاستی وزرا اور عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین کی سہولت کیلئے زائد کائونٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ محمد شہباز علی نے حج کمیٹی کے عہدیداروں کے ساتھ حج 2017ء کے انتظامات پر بات چیت کی۔ شہباز علی نے سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے دی جارہی سہولتوں سے واقف کرایا ۔ انہوں نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی سعودی عرب میں ہندوستانی سفارتخانہ سے ربط میں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی رہائش کیلئے موزوں عمارتوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ دوران سفر حج کمیٹی کے مشوروں پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے عازمین حج کی پروازوں کا دوسرے مرحلے میں آغاز ہوگا اور حیدرآباد کے عازمین بحالت احرام جدہ پہنچیں گے۔ پروفیسر شکور نے بتایا کہ ریاست کی تقسیم کے باوجود تلنگانہ حج کمیٹی آندھراپردیش عازمین کی خدمت بدستور جاری رکھے ہوئے ہے۔ آندھراپردیش میں امبارگیشن پوائنٹ کے الاٹمنٹ تک وہاں کے عازمین حیدرآباد سے ہی روانہ ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT