Saturday , May 27 2017
Home / کھیل کی خبریں / عاقب جاوید ہند۔پاک کرکٹ کے خواہاں

عاقب جاوید ہند۔پاک کرکٹ کے خواہاں

کراچی ۔23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے ہندوستان اور پاکستان  کرکٹ روابط بحال کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف اسی طرح سے دونوں ملکوں کو قریب لایا جا سکتا ہے اور کرکٹ ہی دونوں ملکوں کے تعلقات کو بہتر اور تلخی کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے ،پاکستان اور ہندوستان کو چاہئے کہ وہ اپنے اختلافات کو ختم کرکے کرکٹ روابط کو بحال کریں کیونکہ سرحدوں کے دونوں جانب شائقین کرکٹ ان مقابلوں کو دیکھنے کیلئے  بے تاب ہیں۔ عاقب جاوید نے کہا  کہ کسی بھی کھیل میں ایسے روایتی حریف نہیں جیسے کرکٹ میں پاکستان اور ہندوستان ہیں اور ان ٹیموں کے درمیان مقابلوں کی شائقین کرکٹ کیلئے ایشز سے بھی زیادہ اہمیت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کروڑوں کی تعداد میں شائقین کرکٹ ان میچز کو دیکھتے ہیں لیکن دونوں ایشیائی ممالک کے درمیان کرکٹ میچز کا نہ ہونا افسوسناک ہے۔ سابق فاسٹ بولر کے بموجب کرکٹ کیلئے بھی بہت ضروری ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دوبارہ سے کرکٹ میچز بحال ہوں۔ مقابلے خاص کر شارجہ میں کھیلے گئے میچز کی یادیں وہ کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہونے سے پاکستان کرکٹ کا بڑا نقصان ہوا لیکن پی ایس ایل فائنل سے ثابت ہوگیا کہ اس ملک میں لوگ کرکٹ کے کتنے دیوانے ہیں۔ یہ بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کیلئے ایک چھوٹا قدم تھا کیونکہ اس کیلئے ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT