Wednesday , August 16 2017
Home / Top Stories / عالمی شہرت یافتہ اسلحہ کے ڈیلر عدنان خشوگی کا انتقال

عالمی شہرت یافتہ اسلحہ کے ڈیلر عدنان خشوگی کا انتقال

بے پناہ دولت ، شہرت اور اثر و رسوخ کی حامل افسانوی شخصیت کے عہد کا اختتام

لندن۔ 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے عالمی شہرت یافتہ بزنس مین اور اسلحہ کے سوداگر عدنان خاشقجی (عدنان خشوگی) کا بعمر 82 سال آج لندن میں انتقال ہوگیا جہاں پارکنسن عارضہ کا علاج کیا جارہا تھا۔ عدنان خاشقجی مکہ معظمہ میں 25 جولائی 1935ء کو پیدا ہوئے تھے اور شاہ سعود کے شخصی ڈاکٹر ترکی نژاد محمد خاشقجی کے فرزند تھے۔ عدنان خاشقجی اپنے زمانہ میں دنیا کے دولت مند ترین شخص بھی رہے۔ 1970ء میں ان کی دولت 4 ارب امریکی ڈالر تھی۔ متعدد عرب، مسلم یوروپی اور امریکی ممالک کے سربراہان سے دوستی اور قریبی تعلقات کے لئے بھی مشہور تھے اور ان کی شاہ خرچی اور شاہانہ طرز زندگی کے چرچے ہوتے رہے ہیں۔ ان کے انتہائی وسیع حلقہ احباب میں کئی ملکوں کے بادشاہان، حکمران، صدور، وزرائے اعظم کے علاوہ بالی ووڈ اسٹارس بزنس مین اور دوسرے بھی شامل تھے۔ ہندوستان کے متنازعہ جیوتشی اور تانترک چندرا سوامی سے بھی ان کے قریبی تعلقات تھے اور وہ چندرا سوامی کو اپنا دوست اور گرو مانتے تھے۔ یہ بھی اتفاق ہے کہ چندرا سوامی کا بھی چند روز قبل ہی دہلی میں انتقال ہوا ہے۔ عدنان خاشقجی اس زمانہ میں دنیا کے سب سے مالدار ترین بزنس مین تھے جب زیادہ افراد دولت مند نہیں ہوا کرتے تھے۔ انہیں اپنے زمانہ کا بل گیٹس اور ’عرب دنیا کا اناؤسیس‘ بھی کہا جاتا ہے۔ وہ اپنی تفریح گاہوں میں پرتعیش ضیافتوں کے لئے بھی مشہور تھے۔ عالم عرب کے پہلے آن لائن اخبار ’’ایلاف‘‘ کے بانی ایڈیٹر عثمان العمیر نے کہا کہ خاشقجی کسی کی مدد کے بغیر اپنے بل بوتے پر محنت و مشقت کے ذریعہ بڑے آدمی بنے تھے۔ وہ ایک رنگین مزاج شخصیت کے مالک تھے۔ وہ اپنے عروج کے زمانہ میں شخصی زندگی پر روزانہ 250,000 امریکی ڈالر خرچ کیا کرتے تھے۔ دنیا کی مہنگی ترین طلاق کے معاملہ میں بھی خاشقجی کا نام لیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی پہلی بیوی برطانوی نژاد ثریا کو طلاق معاہدہ کے تحت 841 ملین امریکی ڈالر کی خطیر رقم ادا کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT