Thursday , July 27 2017
Home / Top Stories / عالم اسلام میں رمضان المبارک کے روح پرور مناظر ، حرم شریف میں کثیر اجتماع

عالم اسلام میں رمضان المبارک کے روح پرور مناظر ، حرم شریف میں کثیر اجتماع

ساری دنیا کے مسلمانوں کو رمضان کی عبادتیں و برکتیں مبارک ہوں ، سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان کا پیام

ریاض۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عالم اسلام میں رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی مساجد میں روح پرور مناظر دکھائی دینے لگے ہیں۔ سب سے بڑا اجتماع حرم شریف میں دیکھا جارہا ہے۔ کل رات نماز تراویح کے اہتمام کے ساتھ ہی عالم اسلام میں خاص کر خلیجی خطہ کے تمام ملکوں کے علاوہ برطانیہ، امریکہ، یوروپ میں مسلمانوں کی کثیر تعداد نے سحری کی۔ پہلا روزہ کا اہتمام کیا۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے اس ماہ مقدس رمضان المبارک کی برکتوں، عبادتوں، سعادتوں اور عبادتوں کے روح آفریں لطف کا ذکر کرتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی برکتوں، عبادتوں اور سعادتوں کی مبارکباد دی۔ رمضان 1438ھ کے موقع پر شاہ سلمان کی نقریر کو ڈاکٹر عود صالح العود وزیر ثقافت و اطلاعات نے پڑھ کر سنائی۔ شاہ سلمان نے اپنی تقریر میں قرآن مجید کی مختلف آیات کا حوالہ دیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تمام مسلمانوں کو پھر ایک رمضان کے بابرکت مہینے کے فیوض سے مستفید ہونے کا موقع دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ایک ماہ کے روزے فرض کرکے مسلمانوں پر اپنے رحم و کرم کی بارش کی ہے۔ اس ماہ مبارک میں اللہ تعالیٰ نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر قرآن مجید نازل فرمایا اور ان کے وسیلہ سے رمضان کے روزوں کو فرض ہونے کی تلقین کی۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جو کوئی رمضان کے روزے رکھے گا، اللہ اس کے گناہ معاف کردیں گے اور وہ اللہ کی رحمتوں کا مستحق ہوگا۔ شاہ سلمان نے اپنی تقریر یہ دعا بھی کی کہ اللہ تعالیٰ دارالسطنت سعودی عرب کو حرمین شریفین کی خدمت گذاری کا موقع جاری و ساری رکھے۔ معتمرین و حاجی صاحبان کی بہتر خدمت ہی سعودی عرب کے لئے ایک اعزاز ہے۔ ہم کو اس اعزاز پر فخر ہے۔ شاہ سلمان نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات کے مطابق تمام مسلمان ایک جسم کے مانند ہیں، اگر کوئی حصہ درد محسوس کرتا ہے تو دیگر حصے بھی متاثر ہوتے ہیں۔ مسلمانوں کی خدمت کے لئے بہترین کام انجام دیتے آرہے سعودی حکمرانوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہ عبدالعزیز کے دور سے ہی اللہ کے مہمانوں کی خدمت میں بہتر سے بہتر انتظام کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں اختتام پذیر عرب اسلامی امریکن چوٹی کانفرنس کا ذکر کیا جس میں سعودی عرب نے اپنی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی جانب نشاندہی کی، خاص کر تشدد، انتہا پسند اور دہشت گردی کو کچلنے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کئے گئے۔ انسانیت کا تحفظ کرتے ہوئے ہی دیگر سازشوں، شرپسندانہ اور شیطانی کارروائیوں کا سَر کچلنا ضروری ہے۔ انہوں نے آخر میں یہ بھی دعا کی کہ جو لوگ اللہ کے رحم و کرم پر ایقان و ایمان رکھتے ہیں، انہیں جہنم کی آگ سے نجات ملے گی۔ ہفتہ کے دن رمضان المبارک کی رویت کا 33 ملکوں میں اعلان کیا گیا جبکہ بنگلہ دیش، پاکستان، ہندوستان اور عراق میں 28 مئی اتوار کو پہلا روزہ رکھا جارہا ہے۔ ترکی اور امریکہ، یوروپ، آسٹریلیا میں 27 مئی سے رمضان المبارک کا آغاز ہوچکا ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT