Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / عامر اور کوہلی کے کئی یادگار مقابلے ہوں گے : اختر

عامر اور کوہلی کے کئی یادگار مقابلے ہوں گے : اختر

لاہور ، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایڈن گارڈنز سے لے کر سنچورین تک شعیب اختر اور سچن تنڈولکر کے درمیان کئی یادگار مقابلے دیکھنے کو ملے اور ماضی کے تیز ترین بولر کا ماننا ہے کہ ویراٹ  کوہلی اور محمد عامر کے درمیان بھی اسی طرح سے کئی یادگار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ شعیب اختر نے کہا کہ تنڈولکر کو بولنگ کرنا چیلنج ہوتا تھا اور میرا خیال ہے کہ کوہلی اور عامر کے درمیان مستقبل میں ہونے والے مقابلے بھی اتنے ہی دلچسپ ہوں گے جیسے ہماری جنگ چلتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ہی بہترین کارکردگی دکھاتے ہیں اور جب ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گے تو اس سے بہتر کچھ نہیں ہو گا۔ شعیب نے کہا کہ کوہلی موجودہ طور پر ہندوستان کے سب سے بہترین بلے باز ہیں اور عامر کی شمولیت سے پاکستان کا بولنگ اٹیک کافی بہتر ہو گیا ہے۔ جب کبھی یہ دونوں ایک دوسرے کے خلاف آئیں گے تو مزہ آنے والا ہے۔ انہوں نے عامر کے حوالے سے کہا کہ ’’دل کو ایک تسلی ہوتی ہے اسے دیکھ کر‘‘۔ پاکستان کی بولنگ کے مستقبل کے حوالے سے پُرامید 40 سالہ سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ ہمیں اپنے بولنگ کے شعبے میں مزید جارحیت دکھانے کی ضرورت ہے، عامر کو وکٹ کی دوسری طرف سے مدد درکار ہو گی اور وہاب کو آگے بڑھ کر کارکردگی دکھانی ہو گی۔ انہوں نے کوہلی کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے عہد کے سب سے بہترین بلے باز ہیں، میچ جتانے کی ان کی صلاحیت مثالی ہے، جس طرح انہوں نے پاکستان کے خلاف بیٹنگ کی، وہ یقینا انہیں دوسروں کھلاڑیوں سے جدا کرتی ہے۔ شعیب اختر نے نوجوان کھلاڑی جسپریت بھمرا کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا گیند پر کنٹرول بہت اچھا ہے، آشیش نہرا اور بھمرا بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ماضی کی بہ نسبت ہندوستانی بولنگ یونٹ بہتر نظر آ رہا ہے۔ ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کے نام سے مشہور فاسٹ بولر نے ہندوستان کو ایشیا کپ کیلئے فیورٹ قرار دیتے ہوئے تمام ٹیموں کو خبردار کیا کہ آئندہ ماہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ہے اور ٹیموں کو اپنے کھلاڑیوں کو فٹ رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہندوستان کی وکٹوں پر فاسٹ بولرز کو خصوصاً زیادہ محنت کرنی ہو گی۔

TOPPOPULARRECENT