Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / عامر کے دورے پر کوئی اعتراض نہیں: اسٹوارٹ براڈ

عامر کے دورے پر کوئی اعتراض نہیں: اسٹوارٹ براڈ

لارڈز ، 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے محمد عامر کے دورہ انگلینڈ کی حمایت کرتے ہوئے انھیں خطرناک بولر قرار دے دیا۔ اسٹورٹ براڈ نے عامر کی واپسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘میرا نہیں خیال کہ انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو ان کی شمولیت پر کوئی اعتراض یا منفی سوچ ہوگی لیکن مداحوں کی بات الگ ہے’۔ پاکستان ٹیم کے دورہ انگلینڈ کیلئے اعلان کردہ ٹیم میں محمد عامر کو انگلینڈ کے ویزے سے مشروط کرکے شامل کیا گیا ہے تاہم ان کا ویزے ابھی تک جاری نہیں ہوسکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ میرے خیال میں وہ اپنی سزا پوری کرچکے ہیں لیکن لارڈز کے تماشائی کرکٹ کے حوالے سے جنونی ہیں اور ان کا اپنا نقطہ نظر ہے’۔ یاد رہے 2010 میں محمد عامر اسی گراؤنڈ میں اسپاٹ فکسنگ کے مرتکب ہوئے تھے جس کے باعث انھیں پانچ سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ برطانیہ میں انھیں 6 ماہ قید ہوئی تھی۔ براڈ نے کہاکہ ‘انگلینڈ کی موجودہ ٹیم میں اس سیریز کے صرف چار کھلاڑی ہیں جبکہ پاکستان ٹیم میں بڑی تبدیلیاں ہوئی ہیں’۔ ان کا کہنا تھا کہ’میں نے گزشتہ 6 سال سے عامر کا سامنا نہیں کیا لیکن اس وقت وہ خطرناک اور سیریز کے بہترین کھلاڑی بھی تھے’۔ اسٹورٹ براڈ نے 2010 میں لارڈز ٹسٹ میں نوویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار سنچری بنائی تھی جبکہ ٹروٹ کے ساتھ مل کر نوویں وکٹ پر 332 رنز کی شراکت کاعالمی بنایا تھا۔ براڈ کا کہنا تھا کہ اس میچ کے ناخوشگوار واقعے کی وجہ سے ہم اپنی بہترین کارکردگی کو منانے سے قاصر رہے تھے۔ پاکستانی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ایک مضبوط ٹیم اور معیاری بولرز کے خلاف کھیلیں اور اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ وہ اچھا بولر ہے۔ محمد عامر نے گزشتہ سال کرکٹ میں واپسی کی تھی جس کے بعد وہ دورہ نیوزی لینڈ، ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں لیکن ٹسٹ کرکٹ میں تاحال انھیں موقع نہیں ملا۔

TOPPOPULARRECENT