Sunday , September 24 2017
Home / Top Stories / عام آدمی پارٹی ایم ایل اے وید پرکاش بی جے پی میں شامل

عام آدمی پارٹی ایم ایل اے وید پرکاش بی جے پی میں شامل

کجریوال حکومت پر انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کا الزام، دہلی میں بلدی چناؤ سے قبل اہم سیاسی تبدیلی

نئی دہلی 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کو کلیدی ایم سی ڈی چناؤ سے قبل جھٹکے والی تبدیلی میں اس کے ایم ایل اے وید پرکاش آج پارٹی اور دہلی اسمبلی سے مستعفی ہوگئے اور بی جے پی میں شامل ہوتے ہوئے اروند کجریوال حکومت پر الزام عائد کیاکہ وہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوئی ہے۔ اس سیاسی تبدیلی کو بی جے پی کے لئے فائدہ قرار دیا جارہا ہے جبکہ دہلی کے تین میونسپل کارپوریشنس (ایم سی ڈیز) کے لئے انتخابات 23 اپریل کو مقرر ہیں۔ وید پرکاش جنھوں نے اسمبلی میں بوالا حلقہ کی نمائندگی کی، اُنھوں نے الزام لگایا کہ جو ایم ایل ایز ترقی کی بات کرتے ہیں، اُنھیں پارٹی کی اعلیٰ قیادت دبادیتی ہے۔ وہ صدر دہلی بی جے پی منوج تیواری اور اسٹیٹ پارٹی انچارج شیام جاجو کی موجودگی میں بی جے پی کے دہلی یونٹ آفس میں زعفرانی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ بعد میں وہ اپوزیشن لیڈر وجیندر گپتا کے ہمراہ اسمبلی اسپیکر کے دفتر جاکر اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔ وید پرکاش نے دعویٰ کیاکہ 30 تا 35 عاپ ارکان اسمبلی پارٹی قیادت سے خوش نہیں ہیں جس سے اشارہ ملتا ہے کہ عام آدمی پارٹی کے اندرون بے چینی کا ماحول پنپ رہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کجریوال کو کچھ فکر نہیں کہ بنیادی سطح پر کیا ہورہا ہے اور اس کی بجائے وہ صرف اِس بات پر توجہ دیتے ہیں کہ وزیراعظم نریندر مودی اور اُن کی حکومت کو کس طرح بدنام کیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ عاپ حکومت لیاپ ٹاپ کے ذریعہ چلائی جارہی ہے اور بنیادی حقائق سے کچھ رابطہ نہیں ہے۔ پرکاش نے کہاکہ ، ’’میں عام آدمی پارٹی میں اِس اُمید کے ساتھ شامل ہوا تھا کہ کچھ تبدیلی آئے گی لیکن مجھے مایوسی ہوئی۔ میں نہ کسی دباؤ اور نہ ہی بی جے پی میں کسی عہدے کی لالچ میں شامل ہوا ہوں اور پارٹی قیادت کے فیصلوں کی تعمیل کروں گا‘‘۔

TOPPOPULARRECENT