Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / عثمانیہ اور پیٹلہ برج ہاسپٹلس میں عصری آلات کا افتتاح

عثمانیہ اور پیٹلہ برج ہاسپٹلس میں عصری آلات کا افتتاح

کارپوریٹ دواخانوں کے خطوط پر وینٹی لیٹرس ، ایکسرے مشینوں ، آپریشنس تھیٹرس
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : دواخانہ عثمانیہ اور سرکاری زچگی خانہ پیٹلہ برج میں کارپوریٹ دواخانوں کے خطوط پر اعلیٰ ٹکنالوجی سے آراستہ عصری طبی آلات کا افتتاح عمل میں آیا جو مریضوں کے لیے کام کریں گے ۔ تلنگانہ کے وزیر صحت سی لکشما ریڈی نے کہا کہ سوئزر لینڈ سے تین ونٹیلیٹرس درآمد کیے گئے ہیں ۔ عالمی ادارہ صحت کے مقررہ معیارات کے مطابق انتہائی عصری آپریشن تھیٹرس اور ان کے لیے 23 انتہائی عصری آلات و اوزار اور قابل منتقل ایکسرے مشینس فراہم کئے گئے ہیں ۔ جو پیٹلہ برج کے گورنمنٹ میٹرینٹی ہاسپٹل میں خواتین اور بچوں کے علاج و دیکھ بھال کے لیے استعمال کیے جائیں گے ۔ دواخانہ عثمانیہ میں عصری سہولتوں کے لیے ایک عصری ڈیجیٹل ایکسرے روم ، جدید الٹرا ساونڈ روم ، ویٹنگ روم مہیا کیا گیا ہے ۔ چار جدید فارمیسی کاونٹرس 6 مئی سے کام کریں گے ۔ علاوہ ازیں دیگر سرکاری دواخانوں میں بھی زچہ اور بچہ کے علاج و نگہداشت اور دیگر مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے مرحلہ وار انداز میں عصری سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ وزیر صحت نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ میٹرنٹی ہاسپٹل سے روزانہ 900 مریض رجوع ہوتے ہیں اور 100 خواتین کو شریک کرلیا جاتا ہے ۔ یومیہ بنیاد پر روزانہ 400 طبی معائنے اور 60 زچگیاں کی جاتی ہیں ۔ 25 بچوں کی نگہداشت کی جاتی ہے ۔ اس قدیم دواخانہ میں سالانہ 1000 معمول کے مطابق بغیر آپریشن اور آپریشن کے ذریعہ 500 زچگیاں ہوتی ہے ۔ یومیہ اوسطا 50 خواتین زچگیوں کے لیے رجسٹریشن کرواتی ہیں ۔ جن میں 10 نازک حالت میں رجوع ہوا کرتی ہیں ۔ جس کے نتیجہ میں بعض خواتین دوران زچگی / علاج فوت بھی ہوجاتی ہیں ۔ زچگی کے دوران اموات کو روکنے ، زچہ و بچہ کو بہتر علاج کی فراہمی کے لیے اس دواخانہ کو عصری آلات سے لیس کیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں بچوں کے لیے ایک آئی سی یو بھی قائم کیا گیا ہے ۔ اس طرح عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں یومیہ 2000 آؤٹ پیشنٹ اور 450 ان پیشنٹ مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے ۔ مریضوں کو صحت و طب کی موثر خدمات کی فراہمی کے لیے عصری آلات فراہم کئیے گئے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT