Friday , June 23 2017
Home / شہر کی خبریں / عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں افغان لڑکے کے کولہے کا کامیاب آپریشن

عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں افغان لڑکے کے کولہے کا کامیاب آپریشن

شہریان حیدرآباد کی انسانیت نوازی قابل ستائش ، 18 سالہ عبدالقہار خاں کے والد عبدالرزاق خاں کا اظہار خیال
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ : ( نمائندہ خصوصی ) : شہر حیدرآباد کے لوگ کافی محبت و مروت والے لوگ ہیں ان کے جذبہ انسانیت کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ اس سرزمین پر ہر کسی کی مدد کی جاتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ افغانستان میں بھی حیدرآباد اور یہاں کے لوگوں کے چرچے ہیں ۔ یہاں کے ڈاکٹرس بھی بہت قابل اور اپنے مریضوں کا خیال رکھنے والے ہیں ۔ شہریان حیدرآباد کے پیار و محبت اور مروت نے ہمارا دل جیت لیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار افغانستان کے صوبہ پکتسکا سے آئے عبدالرزاق خاں نے راقم الحروف سے بات چیت میں کیا ۔ ان کا 18 سالہ فرزند عبدالقہار خان دواخانہ عثمانیہ میں زیر علاج ہے ۔ اس نوجوان کے بائیں پیر کے اوپری حصہ کا آپریشن ہوچکا ہے ۔ عبدالرزاق خاں کے مطابق دو سال قبل صوبہ پکتسکا میں طالبان اور افغان فورس کے درمیان جھڑپ کے دوران عبدالقہار خان زد میں آگیا ۔ گولی اس کے بائیں پیر کے اوپری حصہ ( نافچہ ) کو چھوتی ہوئی پیٹ کی ایک جانب آکر رک گئی اس واقعہ میں عبدالقہار خاں کی آنتوں اور مثانہ کو بھی نقصان پہنچا تھا ۔ اس نوجوان کا ابتداء میں کابل کے ایمرجنسی ہاسپٹل سرجیکل اینڈ میڈیکل سنٹر فار سیوئلین وارڈو کٹمس میں علاج کیا گیا ۔ دسمبر 2014 اور جنوری 2015 میں اس کے دو آپریشن کئے گئے لیکن وہ چلنے پھرنے کے قابل نہیں ہوسکا تب دوست احباب کے مشورے سے وہ جنوری کے پہلے ہفتہ میں ہندوستان پہنچے ۔اس ضمن میں افغانستان قومی اسمبلی کے رکن نادر خاں کٹاوازئی نے اہم کردار ادا کیا ۔ عبدالرزاق خاں کے مطابق حیدرآباد میں مجلس بچاؤ تحریک کے ترجمان امجد اللہ خاں خالد نے ان کی بھر پور مدد کی اور چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے 1.35 لاکھ روپئے منظور کروائے ۔ اس طرح عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں عبدالقہار خاں کا آپریشن ہوا ہے ۔ ڈاکٹر اکبر خاں نے جو وادی پنچ شیر کے رہنے والے ہیں ۔ انہوں نے عبدالقہار کے علاج میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ واضح رہے کہ عبدالرزاق حاں اپنے گاؤں میں سیکل ریپرنگ کی دکان چلاتے ہیں وہ عطیات جمع کر کے عبدالقہار کو علاج کے لیے حیدرآباد تک لائے ہیں ۔ یہاں کچھ لوگوں نے ان کی حسب استطاعت مدد بھی کی ہے ۔ عبدالرزاق خاں نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے بھی ملاقات کر کے انہیں اپنے بیٹے کے علاج سے متعلق واقف کروایا اور بتایا کہ ڈاکٹروں نے لڑکے کا آپریشن کر کے کولہے کی ہڈی تبدیل کی ہے ۔ عبدالرزاق کے مطابق انہیں حیدرآباد میں رہ کر کسی قسم کی اجنبیت کا احساس نہیں ہورہا ہے ۔ اس لیے کہ یہاں لوگ بڑے انسانیت نواز واقع ہوئے ہیں ۔ جو ضرورت مندوں ، بیماروں ، محتاجوں کی مدد میں بہت آگے رہتے ہیں ۔ عبدالرزاق خاں اور ان کے فرزند کی مالی مدد کے خواہاں اہل خیر حضرات فون نمبر 9581048647 پر عبدالرزاق خاں سے ربط پیدا کرسکتے ہیں ۔۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT