Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / عثمانیہ ہاسپٹل پر حکومت کے فیصلہ کی حمایت و تائید

عثمانیہ ہاسپٹل پر حکومت کے فیصلہ کی حمایت و تائید

حیدرآباد 23 اگسٹ (سیاست نیوز) تلنگانہ ڈاکٹرس فورم نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کی جدید تعمیر کے منصوبہ کی تائید و حمایت کرتے ہوئے حکومت کے اعلان کی ستائش کی اور جدید تعمیر کے دوران اپنے بھرپور تعاون کا پیشکش کیا۔ چیرمین تلنگانہ ڈاکٹرس فورم ڈاکٹر اے گوپال کشن، کنوینر فورم ڈاکٹر ایم سمپت راؤ نے آج پریس کانفرنس میں بتائی۔ انھوں نے چیف منسٹر کی جانب سے عثمانیہ ہاسپٹل کی جدید تعمیر سے متعلق لئے گئے فیصلہ کو حق بجانب قرار دیا اور اس اقدام کی ستائش کی۔ انھوں نے کہاکہ یہ پہلا موقع ہے کہ ریاست کی 35 سالہ تاریخ میں کسی چیف منسٹر نے عثمانیہ ہاسپٹل کا دورہ کیا ہو جبکہ چندرشیکھر راؤ نے غریب مریضوں کو درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے ہاسپٹل کی ترقی کو یقینی بنانے اور جدید عصری ہاسپٹل کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ عثمانیہ ہاسپٹل جس کی تعمیر 2 تا 3 ایکر احاطہ پر مشتمل ہے جبکہ ہاسپٹل کا جملہ رقبہ زائداز 26 ایکر اراضی پر مشتمل ہے جہاں پر کافی کھلی اراضی موجود ہے۔ انھوں نے بتایا کہ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل جس کا دنیا کے بڑے ہاسپٹلس میں شمار ہوتا ہے جہاں پر نہ صرف شہر اور اس کے اطراف و اکناف بلکہ ریاست بھر کے تمام اضلاع اور مواضعات سے تعلق رکھنے والے ہر روز ہزاروں غریب مریض علاج کے لئے رجوع ہوتے ہیں جس کی حالت انتہائی ابتر ہے۔ انھوں نے بتایا کہ عثمانیہ ہاسپٹل کی عمارت قدیم اور تاریخی بھی ہے جس کی حالت انتہائی خستہ ہوگئی ہے اور ہاسپٹل میں صاف صفائی، سنیٹیشن کے علاوہ مریض کئی اہم بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں جس کے نتیجہ میں ہاسپٹل سے رجوع ہونے والے مریضوں کو بہتر علاج اور طبی سہولتوں کی فراہمی میں کئی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ علاوہ ازیں آبادی کی شرح میں روز افزوں بڑھتے اضافہ کے پیش نظر بھی ہاسپٹل کی جدید تعمیر ناگزیر ہے۔ انھوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ہاسپٹل کی جدید تعمیر کے لئے ڈاکٹروں، انجینئروں، آرکیٹکچرس اور دانشوروں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے جدید تعمیر کے لئے ایک جامع ایکشن پلان تیار کرے تاکہ جدید ہاسپٹل کی تعمیر کے دوران مریضوں کے علاج اور ان کی بہتر سے بہتر نگہداشت کو یقینی بنایا جاسکے اور درکار اہم بنیادی سہولتوں کے تمام شعبہ جات کا احاطہ کیا جاسکے۔ انھوں نے حکومت کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ ہاسپٹل کے احاطہ میں ہاسپٹل میں خدمات انجام دینے والے عملہ کو بھی کوارٹرس کی تعمیر کو یقینی بنائے۔ انھوں نے ہاسپٹل کی تعمیر کے دوران مریضوں کی منتقلی اور ہاسپٹل کی جدید عمارت کی تعمیر تک تلنگانہ ڈاکٹرس فورم کی جانب سے ممکنہ تعاون کا پیشکش کیا۔ اس موقع پر صدر پرائیوٹ ہاسپٹلس اینڈ نرسنگ ہوم اسوسی ایشن ڈاکٹر کے جے این ریڈی، صدر عثمانیہ میڈیکل کالج الومنی اسوسی ایشن ڈاکٹر موہن گپتا، نائب صدر ڈاکٹر سیتندر، سینئر ڈاکٹرس ڈاکٹر شیام پرساد، ڈاکٹر راج ریڈی اور دیگر فورم قائدین موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT