Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / عثمانیہ یونیورسٹی صدی تقاریب کے تحت آج ’ پنکج ادھاس ‘ کا پروگرام

عثمانیہ یونیورسٹی صدی تقاریب کے تحت آج ’ پنکج ادھاس ‘ کا پروگرام

للت کلاتھورانم باغ عامہ نامپلی میں مقرر ، عوام کے لیے داخلہ مفت ، مرکزی اور ریاستی وزراء کی شرکت
حیدرآباد ۔ 24۔ مئی (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی صدی تقاریب کے سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود اور اردو اکیڈیمی کے اشتراک سے ترتیب دیئے گئے تین روزہ پروگرام کی آخری کڑی کے طور پر کل 25 مئی کو للت کلاتھورانم اوپن ایر تھیٹر باغِ عامہ میں شامِ غزل کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ عالمی شہرت یافتہ غزل گلوکار پنکج ادھاس اپنے فن کا جادو جگائیں گے۔ پنکج ادھاس اپنی ٹیم کے ہمراہ جمعرات کی صبح ممبئی سے حیدرآباد پہنچیں گے۔ یہ پروگرام شام 7 بجے تا رات 11 بجے تک جاری رہے گا اور عوام کا داخلہ مفت رہے گا۔ پنکج ادھاس کی مقبولیت کے پیش نظر اس پروگرام کی کامیابی یقینی ہوچکی ہے اور محکمہ اقلیتی بہبود نے زائد ہجوم سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ مقررہ تعداد سے زائد سامعین کی صورت میں زائد نشستیں فراہم کی جائیں گی۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ پنکج ادھاس اپنی مقبول عام غزلوں اور گیت کے علاوہ جامعہ عثمانیہ کے مشاہیر شعراء کرام کا کلام پیش کریں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی صدارت کریں گے۔ مہمانان اعزازی کے طور پر مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ، ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری ، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی ، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ ، وزیر اکسائیز ٹی پدما راؤ ، وزیر اینمل ہسبینڈری سرینواس یادو ، میئر حیدرآباد بی رام موہن اور رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشو راؤ شرکت کریں گے۔ خصوصی مدعوئین کی حیثیت سے ایم ایس پربھاکر ایم ایل سی ، جعفر حسین معراج ایم ایل اے ، حکومت کے مشیر برائے ا قلیتی امور اے کے خاں اور کارپوریٹر عائشہ فاطمہ شرکت کریں گی۔ پروگرام کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ حیدرآباد کے علاوہ قریبی اضلاع سے محبان اردو کی شرکت متوقع ہے۔ مقامی گلوکاروں میں خان اطہر، رکن الدین ، سلطان مرزا، پوروا گروپ ، صوفی معراج  اور میر مجیب خاں بھی اپنا کلام پیش کریں گے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے محبان اردو جامعہ عثمانیہ کے اساتذہ اور طلبہ برادری سے شرکت کی اپیل کی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT