Tuesday , June 27 2017
Home / شہر کی خبریں / عثمانیہ یونیورسٹی صدی تقاریب کے ضمن اردو پروگرام

عثمانیہ یونیورسٹی صدی تقاریب کے ضمن اردو پروگرام

۔22 مئی کو شام غزل سے آغاز ، 23 مئی کو سمینار
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مئی (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی کی صد سالہ تقاریب کے سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود اور تلنگانہ اردو اکیڈیمی نے تین روزہ ادبی اور تہذیبی پروگراموں کو قطعیت دی ہے۔ یونیورسٹی کے قیام کے سلسلہ میں آصف سابع نواب میر عثمان علی خاں کی خدمات اور ملک کی پہلی اردو یونیورسٹی کے مشاہرین کو خراج پیش کرنے کے مقصد سے دو روزہ قومی سمینار 22 اور 23 مئی کو منعقد ہوگا جبکہ 25 مئی کو شام غزل پروگرام کے تحت عالمی شہرت یافتہ گلوکار پنکج ادھاس اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں ، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تین روزہ پروگراموں کی تفصیلات بیان کی۔ انہوں نے بتایا کہ دو روزہ قومی سمینار کا عنوان ’’جامعہ عثمانیہ تاریخ ، تہذیب اور امکانات‘‘ ہوگا۔ بیگم پیٹ میں واقع دی پلازا ہوٹل میں قومی سمینار کا اہتمام کیا جائے گا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی افتتاحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اے کے خاں ، سید عمر جلیل ، سابق وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر سلیمان صدیقی اور آصف سابع نواب میر عثمان علی خاں کے فرزند نواب فضل جاہ بہادر مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ پروفیسر انور معظم سابق صدر شعبہ اسلامک اسٹیڈیز جامعہ عثمانیہ کلیدی خطبہ دیں گے۔ اے کے خاں نے بتایا کہ عثمانیہ یونیورسٹی کا ذریعہ تعلیم اردو رہا ہے  اور ایک عرصہ تک یونیورسٹی کے فارغین نے اردو زبان اور ادب کی خدمت کی ہے ۔ اردو کی ترقی و ترویج میں عثمانیہ یونیورسٹی اور اس کے فارغین کا اہم رول رہا۔ ریاست کی کئی نامور شخصیتیں یونیورسٹی سے اردو میں تعلیم حاصل کرچکی ہیں۔ یونیورسٹی کے کردار کی یاد تازہ کرنے اور اس کے شاندار ماضی سے نوجوان نسل کو واقف کرانے کیلئے ادبی و تہذیبی پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ اے کے خاں نے بتایا کہ سمینار کے چار اجلاس ہوں گے ۔ پہلے دن دو اجلاس اور دوسرے دن بھی دو اجلاس ہوں گے جن میں ماہرین تعلیم اور ممتاز اسکالرس اہم موضوعات پر مقالے پیش کریں گے۔ قومی سمینار کی اختتامی تقریب 23 مئی کو سہ پہر 3.00 بجے منعقد ہوگی ۔ اے کے خاں صدارت کریں گے جبکہ سید عمر جلیل اور نواب میر عثمان علی خاں کے نبیرہ نواب نجف علی خاں ، پروفیسر بیگ احساس سابق صدر شعبہ اردو عثمانیہ یونیورسٹی اور ڈاکٹر معید جاوید صدر شعبہ اردو عثمانیہ یونیورسٹی مہمانان خصوصی ہوں گے۔ شام غزل 25 مئی کو شام 7.00 بجے تا 11 بجے شب تلگو للت کلاتھورانم باغ عامہ میں منعقد ہوگی۔ پنکج ادھاس نے اپنے فن کے مظاہرے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ ان کے علاوہ مقامی فنکار بھی غزلیات پیش کریں گے۔ دونوں پروگراموں میں عوام کا داخلہ مفت رہے گا۔ اے کے خاں نے اردو زبان اور ادب کے مداحوں ، جامع عثمانیہ کے اساتذہ طلبہ برادری اور سابق طلبہ سے پروگراموں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ ایک سوال کے جواب میں اے کے خاں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے بعد مزید پروگرام منعقد ہوں گے، جن میں سمینار ، تمثیلی مشاعرہ ، سنجیدہ مشاعرہ ، مزاحیہ مشاعرہ اور قوالی شامل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سال بھر مختلف پروگرام منعقد کرنے کی تجویز ہے ۔ اردو اکیڈیمی کے بجٹ کا زیادہ تر حصہ ان پروگراموں پر خرچ ہوگا۔ اے کے خاں نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود سے زائد بجٹ الاٹ کیا جاسکتا ہے ۔ اے کے خاں نے کہا کہ آئندہ پروگرام پرانے شہر میں بھی منعقد کئے جائیں گے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT