Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / عثمانیہ یونیورسٹی پی جی داخلہ کے اویو سیٹ کیلئے درخواستوں میں کمی

عثمانیہ یونیورسٹی پی جی داخلہ کے اویو سیٹ کیلئے درخواستوں میں کمی

6 تا 14 جون کے درمیان انٹرنس امتحانات، یکم جون سے ہال ٹکٹس کی اجرائی

حیدرآباد 22 مئی (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی حدود میں پائے جانے والے مختلف پوسٹ گرائجویٹ کورسیس (پی جی کورسیس) میں داخلوں کے لئے منعقد کئے جانے والے ’’او یو سیٹ‘‘ (عثمانیہ یونیورسٹی کامن انٹرنس ٹسٹ) کے لئے جاریہ سال طلباء کی دلچسپی میں کمی واقع ہوئی ہے جس کا اندازہ گزشتہ سال کے مقابلہ میں اس سال او یو سیٹ کے لئے داخل کردہ درخواستوں کی تعداد سے بہ آسانی لگایا جاسکتا ہے۔ عثمانیہ یونیورسٹی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلہ میں اس سال عثمانیہ یونیورسٹی پی جی کورسیس میں داخلہ کے لئے منعقد کئے جانے والے او یو سیٹ کے لئے داخل کردہ درخواستوں کی تعداد میں 20 تا 25 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کامن انٹرنس ٹسٹ کے ذریعہ ریاست تلنگانہ میں واقع عثمانیہ یونیورسٹی کے علاوہ تلنگانہ یونیورسٹی، پالمور یونیورسٹی، مہاتما گاندھی یونیورسٹی کے پی جی کورسیس میں داخلے دیئے جاتے ہیں۔ اسی دوران بعض ممتاز ماہرین تعلیم کے مطابق ریاست تلنگانہ میں تعلیم کے معیار اور طریقہ کار میں بہتری پیدا کرنے کے لئے حکومت کے متعارف کردہ نئے قواعد و شرائط میں پی جی کورسیس میں درخواستوں کے ادخال کی تعداد میں کمی کی ایک اہم وجہ ہے۔ علاوہ ازیں حکومت نے ریاست میں تعلیم کے مسئلہ پر اختیار کردہ سخت موقف کی وجہ کے علاوہ یونیورسٹیوں میں بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی کے ساتھ ساتھ لکچررس، پروفیسرس وغیرہ کی عدم موجودگی سے بھی طلباء پوسٹ گرائجویٹ کورسیس میں داخلے حاصل کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ سال عثمانیہ یونیورسٹی کامن انٹرنس ٹسٹ کے لئے جملہ 1,05,504 درخواستیں وصول ہوئی تھیں لیکن اس سال درخواستوں کی تعداد گھٹ کر صرف 80,807 ہوکر رہ گئی ہے۔جاری کردہ ٹائم ٹیبل کے مطابق داخلہ ٹسٹ 6 تا 14 جون منعقد ہوں گے۔ اس طرح آٹھ یوم تک منعقد ہونے والے یہ داخلہ ٹسٹس ہر روز تین حصوں (یعنی اوقات) میں ہوں گے۔ پہلا ٹسٹ صبح ساڑھے نو بجے تا گیارہ بجے (9.30 تا 11.00 بجے) تک، دوسرا ٹسٹ 12.30 بجے دوپہر تا 2 بجے دن تک اور تیسرا ٹسٹ 3.30 بجے سہ پہر تا 5 بجے شام تک منعقد ہوں گے۔ عثمانیہ یونیورسٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ عثمانیہ یونیورسٹی کامن انٹرنس ٹسٹ میں شرکت کرنے والے طلباء و طالبات اپنے ہال ٹکٹس یکم جون سے یونیورسٹی ویب سائٹ www.osmania.ac.in سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT