Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / عثمانیہ یونیورسٹی کی صدی تقاریب، آرٹس کالج میں کل رن ،گورنر جھنڈی دکھائیں گے

عثمانیہ یونیورسٹی کی صدی تقاریب، آرٹس کالج میں کل رن ،گورنر جھنڈی دکھائیں گے

حیدرآباد،9مارچ ( یواین آئی) شہر حیدرآباد کی باوقار اردو یونیورسٹی عثمانیہ یونیورسٹی کی صدی تقاریب کے سلسلہ میں ہفتہ 11مارچ کو رن کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں توقع ہے کہ 5ہزار سے زائد طلبہ اور اسٹاف ارکان شرکت کریں گے ۔سابق ریاست حیدرآباد کے آخری فرمان روا و جدید حیدرآباد کے اولین معمار نواب میرعثمان علی خاں بہادر نے اس یونیورسٹی کو قائم کیاتھا۔ یہ ملک کی اولین اردو یونیورسٹی تھی۔ اس کی صدی تقاریب کے سلسلہ میں مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔1917میں نواب میرعثمان علی خاں نے اس یونیورسٹی کے قیام کے لئے فرمان جاری کیا تھا۔ سابق ریاست حیدرآباد کے ہند یونین میں انضمام کے بعد 1948میں عثمانیہ یونیورسٹی کے ذریعہ تعلیم اردو کو ختم کردیا گیا۔ صدی تقاریب کے لئے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کو مدعو کیا گیا ہے ۔ تقاریب کے حصہ کے طور پر ہونے والی رن کو گورنر ای ایس ایل نرسمہن جھنڈی دکھائیں گے جس میں تدریسی، غیرتدریسی اسٹاف ‘ سابق طلبہ ‘ یونیورسٹی کے موظف اسٹاف ارکان بھی شرکت کریں گے ۔یونیورسٹی کالج آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسس سے اس رن کا ہفتہ کی صبح 6:45بجے آغاز ہوگا۔ یہ رن لاکالج ‘ لیڈیز ہاسٹل ‘ انجینئرنگ کالج اور این سی سی گیٹ سے ہوتے ہوئے دوبارہ آرٹس کالج واپس ہوگی ۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے عثمانیہ یونیورسٹی کی صدی تقاریب کے اسپیشل افسر پروفیسر ایچ وینکٹیشورلو نے کہا کہ تقریباً50کھیل کود کی شخصیتیں جنہوں نے مختلف سطحوں پر کھیلوں کے مقابلوں میں یونیورسٹی کی نمائندگی کی تھی ‘ بھی اس رن میں حصہ لیں گے ۔ ان کے علاوہ تقریباً800این سی سی اور این ایس سی طلبہ والینٹرس بھی توقع ہے کہ اس رن میں شامل ہوں گے ۔ 200والینٹرس رن کے سلسلہ میں تال میل پیدا کریں گے ۔ پروفیسر وینکٹیشورلو نے شرکا پر زور دیا کہ وہ 6:30بجے سے پہلے آرٹس کالج میں موجود رہیں کیونکہ یونیورسٹی کی گیٹ 6:30بجے بند کردی جائیں گی۔ کاروں میں پہنچنے والے شرکاء اپنی کار کالج آف سائنسس ‘ کالج آف لا کے پاس ٹہراسکتے ہیں۔ آرٹس کالج کے قریب گاڑیوں کو لانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یونیورسٹی نے پانی کی سہولت کا انتظام کیا ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT