Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / عثمان خواجہ پھر آسٹریلین ونڈے ٹیم میں شامل

عثمان خواجہ پھر آسٹریلین ونڈے ٹیم میں شامل

سڈنی ، 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)آسٹریلیا نے پاکستانی نژاد بلے باز عثمان خواجہ کو ٹسٹ کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر ہندوستان کے خلاف دوسرے ونڈے انٹرنیشنل کیلئے ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔ عثمان نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹسٹ میچوں میں سنچریاں بنائے جبکہ ڈومیسٹک لیگ ’بگ بیاش‘ میں سڈنی تھنڈر کی جانب سے ملبورن اسٹارز کے خلاف جارحانہ 109 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ انھیں اوپنر ڈیوڈ وارنرکی جگہ آسٹریلین ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، کیونکہ وارنر کے پاس دوسری بیٹی کی ولادت متوقع ہے جس کے باعث وہ ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ چیف سلیکٹر راڈ مارش نے کہا: ’’عثمان اس سیزن میں شاندار فام میں ہیں لیکن بدقسمتی سے او ڈی آئی سیریز میں وہ ہمارا پہلا انتخاب نہیں ہوئے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ اب ٹیم میں شمولیت اُن کے فام کا انعام ہے اور وارنر کی غیرموجودگی میں اُن کی صلاحیتوں پر ٹیم میں شمولیت پر بڑی خوشی ہے۔ عثمان نے آسٹریلیا کی جانب سے ونڈے کریئر کا آغاز 11 جنوری 2013ء کو سری لنکا کے خلاف ملبورن میں کیا تھا جبکہ انھوں نے اپنا آخری او ڈی آئی میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 فروری 2013ء کو کھیلا تھا۔ 3 ونڈے میچوں میں انھوں نے 7 کی اوسط سے 14 رنز بنائے۔ عثمان برسبین میں آسٹریلیائی ٹیم میں شامل ہوجائیں گے گے اور سڈنی تھنڈر کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ دوسری جانب آسٹریلیا نے ٹیم میں ایک اور تبدیلی کرتے ہوئے آل راؤنڈر مچل مارش کی جگہ فاسٹ بولر جان ہیسٹنگز کو بھی ہندوستان کے خلاف دوسرے ونڈے کیلئے ٹیم میں منتخب کیا ہے۔ پرتھ میں سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی اور اب دوسرا مقابلہ جمعہ 15 جنوری کو برسبین میں کھیلا جائے گا۔
انگلش پریمیر لیگ: نیو کاسل ، مانچسٹر یونائٹیڈ کا میچ 3-3 پر ڈرا
لندن ، 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انگلش پریمیر لیگ میں سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں ، جبکہ نیو کاسل اور مانچسٹر یونائٹیڈ کا میچ 3-3 گول سے ڈرا رہا۔ سینٹ جیمز پارک اسٹیڈیم میں نیو کاسل اور مانچسٹر یونائٹیڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں ۔ اسٹرائیکر وین رونی نے نویں منٹ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی طرف سے گول کیا۔ دو گول کی برتری حاصل کرنے کے باوجود مہمان ٹیم میچ اپنے نام نہ کرسکی۔ میزبان نیوکاسل نے کھیل کے آخری منٹ میں گول کر دیا ۔ اس طرح یہ سنسنی خیز میچ 3-3 پر ڈرا ہوا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ 34 پوائنٹس کے ساتھ پریمیر لیگ میں چھٹی پوزیشن پر ہے۔

TOPPOPULARRECENT