Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / عثمان خواجہ کی شاندار سنچری ‘ آسٹریلیا 345/3

عثمان خواجہ کی شاندار سنچری ‘ آسٹریلیا 345/3

ملبورن۔26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹسٹ کے پہلے دن عثمان خواجہ اور جو برنس کی بہترین سنچریوں کی مدد سے تین وکٹوں پر 345 رنز بنا کر اپنا موقف مستحکم کرلیا۔پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا کے کپتان اسٹیواستمھ 32 اور ایڈم ووگس 10 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔ قبل ازیں  ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو ڈیوڈ وارنر 29 کے مجوعی اسکور پر جارحانہ 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں جو برنس اور زخموں سے صحت یاب ہو کر ٹیم میں واپس آنے والے عثمان خواجہ نے آسٹریلیا کو 258 رنز کی شراکت قائم کرکے اسکور 287 رنز تک پہنچایا۔

برنس 128 رنز بنانے کے بعد جیروم ٹیلر کی گیند پر مارلن سیموئلز کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ عثمان خواجہ آسٹریلیا کی جانب سے پہلے دن آؤٹ ہونے والے تیسرے اور آخری بیٹسمین رہے جنھوں نے 227 گیندوں میں 6 چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل اپنی اننگز میں شاندار 144 رنز بنائے  اور ٹیم کا اسکور 328 رنز تک پہنچایا۔ عثمان خواجہ گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹسٹ میچ کے دوران زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہوگئے تھے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے میچ میں بھی ٹیم کا حصہ نہیں تھے، ان کی غیر موجودگی میں شان مارش کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن خواجہ واپسی پر اپنے شاندار فام کو برقرار رکھتے ہوئے نمبر 3 بیٹنگ کے دوران ایک اور سنچری اسکور کرلی ہے۔ خواجہ ان دنوں کافی شاندار فارم میں ہیں جیسا کہ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے ابتدائی دو ٹسٹ مقابلوں میں بالترتیب 174 اور 121 رنز کی اننگز کھیلی ہیں ۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹسٹ میں خواجہ کے مقام پر ٹیم میں شامل کئے گئے شان مارش نے اپنے کریر کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے اعظم ترین انفرادی اسکور 182 بنایا تھا لیکن سلیکٹروں کو ایک سخت فیصلہ لیتے ہوئے مارش کی جگہ خواجہ کو دوبارہ طلب کیا اور انہوں نے سلیکٹروں کے فیصلہ کو درست ثابت کیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیروم ٹیلر نے 2 اور بریتھویٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو سیریز کے پہلے ٹسٹ میں ایک اننگز اور 212 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔

TOPPOPULARRECENT