عثمان ساگر اور حمایت ساگر کی سطح آب میں قابل لحاظ اضافہ

   

موسیٰ ندی کے اطراف کی آبادیوں میں چوکسی کی ہدایت
حیدرآباد ۔6 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد اور مضافاتی علاقوں میں گزشتہ تین دن سے جاری موسلادھار بارش کے نتیجہ میں عثمان سابق اور حمایت ساگر میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں ذخائر آب کی سطح میں اضافہ درج کیا گیا۔ عثمان ساگر میں پانی کی سطح 1789.40 فٹ درج کی گئی جبکہ مکمل سطح 1790 فٹ ہیں۔ مزید بارش کی صورت میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ اس کے بعد حکام ذخیرہ آب کے کرسٹ گیٹس کو کھولنے کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔ حمایت ساگر میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ کے نتیجہ میں دو گیٹس کھول دیئے گئے اور فاضل پانی کا اخراج عمل میں آیا ۔ حمایت ساگر کی موجود سطح 1763.35 درج کی گئی جبکہ مکمل سطح 1763.50 ہے۔ اس طرح حمایت ساگر کی سطح تقریباً مکمل ہوچکی ہے۔ حکام نے موسیٰ ندی کے اطراف کی آبادیوں میں چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ عثمان ساگر سے پانی کے اخراج پر ان علاقوں میں پانی داخل ہوسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے مختلف آبادیوں میں چوکسی کی مہم شروع کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ مانسون کے ابتدائی ایام میں بھی شہر اور ریاست بھر میں مختلف مقامات پر شدید بارش کے دوران عثمان ساگر اور حسین ساگر کی سطح آب تقریبا مکمل ہوگئی تھی ۔ اس موقع پر بھی حکام کی جانب سے دونوں ہی ذخائر آب کے دروازوں کو کھولتے ہوئے نچلے علاقوں میں پانی چھوڑا گیا تھا ۔ ر